راجستھان کے اجمیر میں جاری خواجہ معین الدین چشتی (رح) کا 807 واں سالانہ عرس آج قل کی رسم کے ساتھ ہی اختتام پذیر ہوگیا۔ رجب کے مہینے کی چھ تاریخ کے موقع پر جمعرات کو آستانہ شریف کو گلاب، کیوڑے کے پانی سے دھویا گیا۔ اسی کے ساتھ عرس کی پہلی تاریخ کو کھولا گیا جنتی دروازہ بھی بند کردیا گیا ہے۔ حالانکہ عرس کے موقع پر کل پندرہ مارچ کو جمعہ کی نماز اور 17 مارچ کو بڑے قل کی رسم ہونا باقی ہے۔
اس موقع پر صبح درگاہ کے احاطہ نور میں چھٹی کی فاتحہ پڑھی گئی اور خدام خواجہ (خادموں) کی جانب سے آستانہ شریف میں چادر پیش کر کے ملک میں امن وسکون، خوشحالی اور قومی اتحاد اور بھائی چارے کی دعا کی گئی۔ صبح گیارہ بجے درگاہ دیوان زین العابدین کی صدارت میں درگاہ میں واقع محفل خانے میں قل کی محفل منعقد کی گئی اور قرآن خوانی کی رسم اد ا کی گئی۔
اس دوران آستانہ شریف میں کسی بھی زائرین کو داخل نہیں ہونے دیا گیا اور خدام خواجہ نے ہی آستانہ شریف میں قل کے ساتھ دعا مانگی۔ تقریبا سوا بجے دیوان زین العابدین جنتی دروازہ سے داخل ہوکر آستانہ شریف پہنچے۔ اس کے بعد عرس کے دوران کھلنے والے جنتی دروازہ کو بھی بند کر دیا گیا۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔