پہلو خان کے خلاف فرد جرم: اویسی بولے۔ بی جے پی جیسی ہی ہے کانگریس حکومت
اویسی نے کہا کہ اقتدار میں آتے ہی کانگریس بی جے پی جیسی ہو جاتی ہے، مسلمانوں کو یہ بات سمجھ لینی چاہئے۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Jun 29, 2019 03:44 PM IST

مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی: فائل فوٹو
راجستھان کے الور میں دو سال پہلے موب لنچنگ کے شکار ہوئے پہلو خان کے خلاف ریاستی پولیس نے گئو اسمگلنگ کے الزام میں فرد جرم دائر کیا ہے جس پر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے اپنے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ اویسی نے کہا کہ اقتدار میں آتے ہی کانگریس بی جے پی جیسی ہو جاتی ہے، مسلمانوں کو یہ بات سمجھ لینی چاہئے۔
اویسی نے کہا ’’ اقتدار میں آتے ہی کانگریس۔ بی جے پی جیسی بن جاتی ہے۔ راجستھان کے مسلمانوں کو یہ بات سمجھ لینی چاہئے۔ ان لوگوں اور اداروں کی مخالفت کرنی چاہئے جو کانگریس پارٹی کے لئے کام کرتے ہیں۔ انہیں اپنا سیاسی پلیٹ فارم تیار کرنے کی کوشش شروع کر دینی چاہئے۔ 70 سال ایک طویل عرصہ ہوتا ہے اب مہربانی کر کے بدل جائیں‘‘۔
بتا دیں کہ دودھ کا کاروبار کرنے والے پہلو خان کو یکم اپریل 2017 کو بہرور کے پاس گئو رکشکوں کی بھیڑ نے گایوں کی اسمگلنگ کے شبہ میں پیٹ پیٹ کر مار ڈالا تھا۔ لنچنگ کے اس معاملہ نے راجستھان سمیت پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا۔
Congress in “Power” is replica of BJP ,Muslims of Rajasthan must realise this,reject such individuals/organisations who are brokers of congress party,& start developing their own independent political platform ,70 years is a long time please CHANGE https://t.co/gLsimg1m50
— Asaduddin Owaisi (@asadowaisi) June 29, 2019
دو سال پہلے پیش آئے اس واقعہ کے وقت ریاست میں بی جے پی کی حکومت تھی اور وسندھرا راجے سندھیا وزیر اعلیٰ تھیں۔ اقتدار میں آنے کے بعد کانگریس حکومت کی طرف سے گزشتہ سال 30 دسمبر کو یہ چارج شیٹ تیار کی گئی تھی۔ وہیں، 29 مئی 2019 کو بہروڑ کے ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں چارج شیٹ پیش کی گئی۔ اس چارج شیٹ میں پہلو خان اور ان کے بیٹوں پر راجستھان مویشی پالن ایکٹ کے تحت مختلف دفعات لگائی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: موب لنچنگ کے شکار پہلو خان کے خلاف کانگریس حکومت میں چارج شیٹ، گئو اسمگلنگ کا الزام
پہلو کے بیٹے ارشاد نے کہی یہ بات
پہلو خان کے بڑے بیٹے ارشاد کا نام بھی چارج شیٹ میں شامل ہے۔ اس نے اخبار دی انڈین ایکسپریس سے بات چیت میں اس پر اعتراض جتایا ہے۔ ارشاد نے کہا ’’ ہم نے گئو رکشکوں کے حملہ میں اپنے والد کو کھو دیا ہے اور اب ہمیں ہی گئو اسمگلر بتایا گیا ہے۔ ہمیں امید تھی کہ راجستھان کی نئی کانگریس حکومت ہمارے خلاف درج مقدمے کا جائزہ لے کر اسے واپس لے لے گی ، لیکن اب ہمارے خلاف چارج شیٹ دائر کر دی گئی ہے۔ ہم نے اشوگ گہلوت کی حکومت سے انصاف کی امید لگا رکھی تھی لیکن ایسا ہوا نہیں‘‘۔ چارج شیٹ میں ارشاد کے علاوہ اس کے چھوٹے بھائی عارف کو بھی ملزم بنایا گیا ہے۔