ناگپور۔ جمعرات کو بامبے ہائی کورٹ نے ناگپور میں منعقد ہونے والے ایک ایڈز بیداری پروگرام میں 'ہنومان چاليسا' پڑھے جانے کے منصوبہ پر انتہائی سخت تبصرہ کرتے ہوئے پوچھا کہ 'کیا ہندستان صرف ہندوؤں کے لئے ہے'؟ ایک مفاد عامہ کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے بامبے ہائی کورٹ کی ناگپور بینچ نےمیونسپل کارپوریشن سے یہ چبھتا ہوا سوال پوچھا کہ صرف ہنومان چاليسا کا متن ہی کیوں، قرآن، بائبل یا دوسری مذہبی کتابوں کا کیوں نہیں؟ بینچ نے کہا کہ ایڈز بیداری اور ہنومان چاليسا متن کے درمیان کیا تعلق ہے؟ کیا صرف ہندو ہی ایڈز میں مبتلا ہوتے ہیں؟
دراصل ناگپور میونسپل کارپوریشن ایک مقامی مندر ٹرسٹ کے ساتھ مل کر ایڈز بیداری پروگرام منعقد کرنے والا ہے جہاں پروگرام کے دوران ہنومان چاليسا کے متن کو پڑھوایا جانا تھا لیکن عدالت کے سخت رخ کے بعد میونسپل کارپوریشن نے ایڈز بیداری پروگرام اور ہنومان چاليسا پڑھنے کو الگ الگ کر دیا ہے اور دونوں پروگراموں کے درمیان ایک گھنٹے کا فرق رکھا ہے۔ اس پروگرام میں ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ لوگوں کے شامل ہونے کی امید ہے۔
جسٹس بھوشن گوئی اور جسٹس سوپنا جوشی کی بینچ نے میونسپل کارپوریشن اور مندر ٹرسٹ سے دونوں پروگراموں کے درمیان کم از کم ایک گھنٹے کا فرق رکھنے کو کہا۔ ججوں نے کہا کہ وہ کسی مذہبی پروگرام کے خلاف نہیں ہیں، ان کی فکر اس سے سرکاری ایجنسیوں کے جڑنے کو لے کر ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ ناگپور میونسپل کارپوریشن کا نظم ونسق بی جے پی دیکھتی ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔