ہوم » نیوز » مغربی ہندوستان

ناندیڑ : پیٹرول اور ڈیزل کے دام میں اضافہ کے خلاف اشوک چوہان کی قیادت میں کانگریس کا احتجاج

ناندیڑ میں کانگریس کے سرکردہ لیڈر و ریاستی کابینی وزیرا شوک چوہان کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ ضلع کلکٹر دفتر کے سامنے کئے گئے احتجاجی مظاہرے میں کثیر تعداد میں پارٹی کارکنان شریک ہوئے ۔

  • Share this:
ناندیڑ : پیٹرول اور ڈیزل کے دام میں اضافہ کے خلاف اشوک چوہان کی قیادت میں کانگریس کا احتجاج
ناندیڑ : پیٹرول اور ڈیزل کے دام میں اضافہ کے خلاف اشوک چوہان کی قیادت میں کانگریس کا احتجاج

ناندیڑ : پیٹرول اور ڈیزل کے دام میں دن بہ دن کئے جارہے اضافہ کے خلاف آج ملک بھرمیں کانگریس پارٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ ناندیڑ میں بھی کانگریس کے سرکردہ لیڈر و ریاستی کابینی وزیرا شوک چوہان کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ ضلع کلکٹر دفتر کے سامنے کئے گئے احتجاجی مظاہرے میں کثیر تعداد میں پارٹی کارکنان شریک ہوئے ۔ مظاہرین نے مودی حکومت کے خلاف نعرے لگائے ۔ پیٹرول اور ڈیزل کے دام میں اضافہ کو ملک کے عوام کے ساتھ زیادتی اور نا انصافی قراردیتے ہوئے جلد سے جلد پیٹرول اور ڈیزل کے دام کو کم کرنے کی مانگ کی گئی ۔


اس موقع پر اشوک چوہان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف کورونا کی وجہ سے ملک کے عوام پریشان ہیں ، لوگوں کے کاروبار بند ہیں ، آمدنی کے ذرائع ختم ہوتے جارہے ہیں اور دوسری طر ف مودی حکومت پیٹرول اور ڈیزل کے دام کو کم کرکے لوگوں کو راحت دینے کی بجائے اس میں مزید اضافہ کرکے لوگوں کی مشکلات بڑھارہی ہے ۔ پیٹرول اور ڈیزل کے دام میں اضافہ کا راست اثر مہنگائی میں اضافہ کے طور پر نظر آرہا ہے ۔ عوام سے ہمدردی کے مودی حکومت کے دعوے بے بنیاد ہیں اور اس میں کوئی حقیقت نہیں ۔


نامہ نگاروں نے اشوک چوہان سے یہ سوال کیا کہ پیٹرولیم اشیا پر عائد کئے جانے والے ٹیکس میں ریاستی حکومت کا ایک بڑا حصہ بھی شامل ہوتا ہے ، ایسے میں مہاراشٹر میں کانگریس اور اس کی اتحادی پارٹیوں کی حکومت ہے تو مرکزی حکومت کو پیٹرولیم اشیا کے دام کم کرنے کی مانگ کرنے کے ساتھ کیا ریاستی حکومت اپنے حصہ کے ٹیکس میں کمی کرکے لوگوں کو راحت دینے کی کوشش نہیں کرسکتی ؟ اس پر اشوک چوہان نے گول مول جواب دیتے ہوئے نظر آئے ۔


انہوں نے اس مسئلہ پر صاف کچھ کہنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ یقینا ہم لوگ ریاستی حکومت کا ایک اہم حصہ ہیں ، اس لئے ہمارا مطالبہ کرنے کا سوال نہیں ہے ، ہم یہ چاہتے ہیں کہ مرکزی حکومت نے جو پیٹرولیم اشیا پر غیر ضروری ٹیکس میں اضافہ کیا ہے ، وہ کم کرے ۔ اگر ایسا کیا جائے تو پیٹرولیم اشیا کے دام کم ہوسکتے ہیں ۔ احتجاجی مظاہرہ میں اشوک چوہان کے علاوہ رکن قانون ساز کونسل امر راجورکر ، سابق ایم ایل اے ڈی پی ساونت سمیت دیگر تمام عہدیداران اور کارکنان موجود تھے ۔
First published: Jun 29, 2020 11:53 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading