کورونا وائرس : Co-WIN ایپ میں گڑبڑی کی وجہ سے مہاراشٹر میں پیر تک بند رہے گا ٹیکہ کاری کا کام
وزیر صحت راجیش ٹوپے نے کہا کہ کوون ایپ میں گڑبڑی کی وجہ سے ٹیکہ کاری پروگرام 18 جنوری تک کیلئے روک دیا گیا ہے ۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Jan 17, 2021 12:31 AM IST

کورونا وائرس : Co-WIN ایپ میں گڑبڑی کی وجہ سے مہاراشٹر میں پیر تک بند رہے گا ٹیکہ کاری کا کام
مہاراشٹر میں کورونا وائرس ٹیکہ کاری پروگرام پیر تک کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے ۔ دراصل کورونا ٹیکہ کاری پروگرام کوون ایپ کے ذریعہ چل رہا ہے اور ہفتہ کو وزیر صحت راجیش ٹوپے نے کہا کہ کوون ایپ میں گڑبڑی کی وجہ سے ٹیکہ کاری پروگرام 18 جنوری تک کیلئے روک دیا گیا ہے ۔
بی ایم سی نے ہفتہ کو جاری ایک بیان میں کہا کہ 16 جنوری کو کورونا وائرس ٹیکہ کاری پروگرام کے دوران کوون ایپ میں تکنیکی خرابی دیکھنے کو ملی ہے ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے پریشانی کا حل نکالنے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں ۔ کیونکہ ٹیکہ لگوانے کیلئے ڈیجیٹل رجسٹریشن کا ہونا لازمی ہے ۔ خرابی کو دیکھتے ہوئے سرکار نے ہفتہ کو آف لائن رجسٹریشن کی اجازت دی ۔ حالانکہ سرکار نے ہدایت دی ہے کہ مستقبل میں سبھی انٹری ایپ کے ذریعہ کی جائیں گی ۔ تکنیکی خرابی کی وجہ سے ٹیکہ کاری پروگرام کو پیر تک کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے ۔ کوون ایپ کی گڑبڑی ٹھیک ہونے کے بعد ٹیکہ کاری پروگرام دوبارہ شروع ہوگا ۔
COVID19 vaccination temporarily suspended till 18th January in the entire state of Maharashtra due to technical issues with CoWIN App: State Health Department
— ANI (@ANI) January 16, 2021
پہلے دن ملک بھر میں 1,91,181 لوگوں کو دی گئی ویکسین
صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے آج کہا کہ بھارت بایوٹیک کے ذریعہ تیار کردہ کورونا وائرس کا ٹیکہ'کوویکسین' کو ملک کی 12 ریاستوں میں سپلائی کیا گیا ہے جبکہ سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے ذریعہ تیار کردہ کوویشیلڈ کو ملک کی تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں سپلائی کیا گیا ہے۔ وزارت صحت نے آج شام ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا کی ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کیا ہے، جو دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم ہے۔ ملک کے تمام ٹیکہ کاری مراکز میں ویکسین کی مناسب سپلائی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
ملک میں کل 3351 ٹیکہ کاری مراکز قایم کیے گئے ہیں، جہاں ابتدائی رپورٹ کے مطابق 1,91,181 افراد کو ٹیکے لگائے گئے ہیں۔ ٹیکہ کاری کے اس پورے عمل میں 16755 اہلکار شامل تھے۔ اب تک کسی بھی جگہ سے کسی بھی شخص کو ویکسین کی خوراک پلانے کے بعد اسپتال میں بھرتی کیے جانے کی اطلاع نہیں ہے۔