اورنگ آباد : کل تک جس گھر میں خوشیوں کا ڈیرا تھا آج وہ ماتم کدہ بنا ہوا ہے ۔ بھارت نگر علاقہ میں ٹین شیڈ میں رہنے والے جگن ناتھ شیڑکے سبزی ترکاری بیچ کر اپنا اور اپنے گھر والوں کا پیٹ پالتے تھے ۔پچھلے مہینے انھیں مہا وترن کی جانب سے ایک دو نہیں بلکہ پورے آٹھ لاکھ روپئے کا بجلی بل بھیجا گیا۔ شیڑاس بل کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔ انھوں نے متعلقہ حکام سے شکایت کی لیکن ان کی بات سننے کے بجائے انھیں مکان ضبط کرنے اور جبری وصولی کا انتباہ دیا گیا جس سے دلبر داشتہ ہوکر شیڑکے نے اپنے کمرے میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔
یہ واقعہ جس وقت پیش آیا ، اس وقت جگن کی اہلیہ ایک پروگرام میں شرکت کی غرض سے امبر تعلقہ گئی ہوئی تھیں۔ جبکہ بیٹا گرمی کی وجہ سے گھر کے باہر سو رہا تھا ۔ تنہائی میں ذہنی تشویش میں مبتلا جگن نے انتہائی اقدام سےپہلے تحریری نوٹ لکھا ، جس میں واضح کیاکہ بجلی بل کے سبب وہ یہ قدم اٹھا رہے ہیں۔
بجلی محکمہ مہا وترن کے ذمہ داروں نے ابتدا میں اس پورے معاملہ سے دامن بچانے کی کوشش کی اور صاف انکار کرتے رہے ، لیکن جب بل سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ، تو انھیں اپنی غلطی کا اعتراف کرنا پڑا۔ اب سرکاری حکام یہ کہ رہے ہیں کہ یہ سب کچھ تکنیکی خامی کی وجہ سے ہے ۔ تاہم اس معاملہ میں ایک ملازم کو معطل کیا گیا ہے ۔
مہلوک جگن ناتھ شیڑکے کے رشتہ داروں نے اس پورے معاملہ کے لیے بجلی محکمہ کے افسران کو ذمہ دار قرار دیا ہے اور ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ جب تک قصور وار کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی ہے ، لاش پوسٹ مارٹم گھر سے اٹھائی نہیں جائے گی۔
اظہر الدین کی رپورٹ سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔