گاندھی نگر : خود ساختہ سنت آسارام باپو کو گجرات کے گاندھی نگر کی سیشن عدالت نے ایک ششیہ کی عصمت دری کے کیس میں عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ سیشن کورٹ کے جج ڈی کے سونی نے پیر کو آسارام کو سال 2013 میں درج اس عصمت دری کیس میں مجرم قرار دیا تھا ، جب کہ آسارام کی بیوی سمیت چھ دیگر کو ثبوت کی کمی کی وجہ سے بری کردیا گیا تھا۔
سیشن کورٹ کے جج ڈی کے سونی نے سال 2013 میں درج اس ریپ کیس میں آسارام پر 23 ہزار کا جرمانہ بھی لگایا ہے۔ وہیں متاثرہ کو 50 ہزار روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس معاملہ کی ایف آئی آر احمد آباد کے چاند کھیڑا پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی تھی۔ اس کے بعد معاملہ کی جانچ کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی۔ ایس آئی ٹی نے جنوری 2014 میں آسارام اور چھ دیگر کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی۔ جس میں 101 گواہوں کے بیانات بھی قلمبند کئے گئے تھے۔
چاند کھیڑا پولس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر کے مطابق احمد آباد کے مضافات میں آسارام باپو کے آشرم میں رہنے کے دوران 2001 سے 2006 کے درمیان خاتون کی مبینہ طور پر کئی مرتبہ عصمت دری کی گئی۔ اس کیس میں خصوصی سرکاری وکیل آر سی کوڈیکر نے پیر کو کہا تھا کہ عدالت نے آسارام کو تعزیرات ہند کی دفعہ 376 2 (سی) (ریپ)، 377 (غیر فطری جنسی جرائم) اور آئی پی سی کی دیگر دفعات کے تحت غیر قانونی حراست میں رکھنے کیلئے قصوروار قرار دیا ہے۔
آسارام اس وقت جودھ پور جیل میں بند ہیں۔ سال 2018 میں جودھ پور کی ایک ٹرائل کورٹ نے آسارام کو جنسی زیادتی کے ایک دیگر کیس میں جیل کی سزا سنائی تھی۔ آسارام کو اپنے جودھ پور آشرم میں ایک 16 سالہ لڑکی کی عصمت دری کرنے کا قصوروار قرار دیا گیا تھا۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔