ہوم » نیوز » مغربی ہندوستان

مہاراشٹر : ریاستی وزیر برائے تعمیر عامہ اشوک چوہان کورونا پازیٹیو ، ممبئی میں زیر علاج

قریبی لوگوں کی جانب سے دی گئی اطلاع کے مطابق اشوک چوہان کی طبیعت فی الحال مستحکم ہے اور وہ پیدل چل کر اسپتال پہنچے ہیں ۔ جلدہی وہ مکمل طورپر صحیتاب ہوجائیں گے ۔

  • Share this:
مہاراشٹر : ریاستی وزیر برائے تعمیر عامہ اشوک چوہان کورونا پازیٹیو ، ممبئی میں زیر علاج
مہاراشٹر : ریاستی وزیر برائے تعمیر عامہ اشوک چوہان کورونا پازیٹیو ، ممبئی میں زیر علاج

ناندیڑ : ریاستی کابینی وزیر و سابق وزیر اعلی اشوک چوہان بھی کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں ۔ دو دن قبل ناندیڑ میں ان کی کورونا جانچ کرنے پر رپورٹ مثبت آئی ہے ۔ ابتدا میں انہیں ناندیڑ کے ایک نجی اسپتال میں بھرتی کیا گیا تھا ۔ اس کے بعد انہیں بہتر علاج کے لئے ممبئی کے بریج کینڈی ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ۔ ممبئی کے اسپتال سے آج اشوک چوہان نے اپنا ایک ویڈیو پیغام بھیجا ہے ، جس میں انہوں نے کانگریس صدر سونیا گاندھی ، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی جانب سے شروع کی گئی ’’اسپیک اپ انڈیا ‘‘ مہم میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔


واضح رہے کہ 25 مئی کو اچانک اشوک چوہان کی طبیعت خراب ہوگئی تھی اور انہیں ناندیڑ کے ایک نجی اسپتال میں بھرتی کرایا گیا تھا ۔ اس دوران ان کی کورونا جانچ کے لئے سواب کے نمونے حاصل کئے گئے ۔ 8 گھنٹوں بعد جب ان کی کورونا کی جانچ رپورٹ آئی ، تو اس میں انہیں مثبت پایا گیا ۔ ابتدا میں ناندیڑ کے نجی اسپتال میں علاج کیا گیا اور اس کے بعد انہیں ناندیڑ سے ایک ایمبولنس کے ذریعہ ممبئی کے لئے روانہ کردیا گیا ۔ انہیں ممبئی کے بریج کنڈی ہاسپٹل میں بھرتی کیا گیا ۔


خیال رہے کہ جیسے ہی لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا ، تب سے ہی اشوک چوہان اپنے آبائی وطن ناندیڑ میں رہ رہے تھے ۔ یہاں وہ الگ الگ مقامات کا دورہ کرتے رہے اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے پریشان حال لوگوں کی ہر ممکن مدد کرتے رہے ۔ لوگوں میں مفت راشن کٹ تقسیم کی ۔ علاوہ ازیں ضلع انتظامیہ کو بھی بار بار ہدایتیں دیتے رہے اور لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کی فکر کرتے رہے ۔ اس کے بعد حال ہی میں وہ ممبئی جاکر لوٹے تھے ۔ وہاں انہوں نے کئی میٹنگوں میں شرکت کی ۔ وہاں سے جب وہ ناندیڑ اپنے گھر پہنچے تو ان کی طبیعت میں بے چینی محسوس ہونے لگی ، جس کی وجہ سے ان کی کورونا جانچ کی گئی اور جانچ رپورٹ مثبت آنے پر ہلچل مچ گئی ۔ ان کے قریبی لوگوں کی جانب سے دی گئی اطلاع کے مطابق اشوک چوہان کی طبیعت فی الحال مستحکم ہے اور وہ پیدل چل کر اسپتال پہنچے ہیں ۔ جلدہی وہ مکمل طورپر صحیتاب ہوجائیں گے ۔


ادھر ناندیڑ سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرتاپ پاٹل چکلی نے اشوک چوہان کو ممبئی منتقل کئے جانے پر کئی سوالات اٹھائے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اشوک چوہان کو علاج کے لئے ممبئی کیوں جانا پڑا کیا ؟ کیا ناندیڑ میں اچھے اسپتال نہیں ہیں ؟ اشوک چوہان جن کی سیاست کا مرکز ناندیڑ ہی رہا ہے ، وہ اپنے دور سیاست میں ناندیڑ کے اسپتالوں کو اچھے میعار کا کیوں نہیں بنایا ہے ؟ ۔ چکلی نے اشوک چوہان کوکورونا کا مرض لا حق ہونے پر جہاں ایک طرف ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ، وہیں دوسری طرف ان کی کارکردگی پر بھی سوالا ت کھڑے کئے ہیں ۔

دوسری طرف اشوک چوہان کی جلد صحتیابی کے لئے ان کے چاہنے والوں اور پارٹی کارکنان کی جانب سے بھی دعائیں کی جارہی ہیں اور ان کے ساتھ اظہار ہمدردی کی جارہی ہے ۔
First published: May 28, 2020 09:07 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading