نئی دہلی۔ مہاراشٹر سے اس وقت ایک بڑی خبر آ رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ این سی پی قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے عہدے سے شرد پوار کے بھتیجے اجیت پوار کو ہٹا دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اجیت پوار کے حامی ارکان اسمبلی کو بھی پارٹی سے نکالنے کی خبر آ رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ فیصلہ این سی پی سربراہ شرد پوار اور پارٹی لیڈروں کی ایک میٹنگ کے دوران لیا گیا۔ اجیت پوار پر این سی پی نے الزام عائد کیا ہے کہ انھوں نے پارٹی کو دھوکہ دیتے ہوئے بی جے پی کو حمایت دینے کا اعلان کیا جس سے ریاست میں بی جے پی کی حکومت بن گئی۔
اس سے پہلے این سی پی کے قومی ترجمان نواب ملک نے مہاراشٹر میں بی جے پی کی حکومت سازی کو دھوکے کی حکومت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ این سی پی کے سبھی اراکین اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں اور اسمبلی میں اس حکومت کو شکست ملے گی۔ نواب ملک نے یہ بھی کہا کہ این سی پی کے سبھی اراکین اسمبلی کی حاضری دیکھنے کے مقصد سے لئے گئے دستخط کو اجیت پوار نے اراکین اسمبلی کی حمایت کہتے ہوئے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے حوالے کیا ہے اور یہ دھوکہ ہے۔
وہیں، شیوسینا کے ترجمان سنجے راؤت نے مہاراشٹر میں نئے سیاسی ماحول پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ این سی پی لیڈر اجیت پوار نے بی جے پی سے ہاتھ ملا کر شرد پوار، ریاستی عوام اور چھترپتی شیواجی مہاراج کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ سنجے راؤت نے کہا کہ رات تک اجیت پوار میٹنگ میں ہمارے ساتھ تھے اور پھر صبح جا کر نائب وزیر اعلیٰ کا حلف لے لیا، انہوں نے گناہ کیا ہے۔
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔