உங்கள் மாவட்டத்தைத் தேர்வுசெய்க

    مہاراشٹر : جمعیت علما ہند کا مطالبہ ، 8 بجے کی بجائے رات 10 بجے سے لگایا جائے نائٹ کرفیو

    مہاراشٹر : جمعیت علما ہند کا مطالبہ ، 8 بجے کی بجائے رات 10 بجے سے لگایا جائے نائٹ کرفیو

    جمعیت علما مہاراشٹر کے جنرل سیکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی کی قیادت میں شہر کے مختلف علاقوں کے جمعیت علما کے اراکین نے شہر کے نگراں وزیر اسلم شیخ سے ملاقات کی ، اپنے مطالبات پر مشتمل ایک میمورنڈم پیش کیا اور زور دے کر مطالبہ کیا کہ مسجدوں میں تراویح ادا کرنے کی اجازت دی جائے ۔

    • Share this:
    ممبئی : رمضان المبارک میں مسجدوں میں ترادیح ادا کرنے کی چھوٹ دئے جائے کا مطالبہ ز ور پکڑتا جارہے ۔ اسی سلسلہ میں جمعیت علما مہاراشٹر کے جنرل سیکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی کی قیادت میں شہر کے مختلف علاقوں کے جمعیت علما کے اراکین نے شہر کے نگراں وزیر اسلم شیخ سے ملاقات کی ، اپنے مطالبات پر مشتمل ایک میمورنڈم پیش کیا اور زور دے کر مطالبہ کیا کہ مسجدوں میں تراویح ادا کرنے کی اجازت دی جائے ۔ مولانا حلیم اللہ قاسمی (جنرل سیکریٹری جمعتہ علماء مہاراشٹر) نے کہا کہ کورونا سے عوام کی حفاظت کیلئے ممبئی سمیت مہاراشٹر بھر میں سخت پابندیاں عائد ہیں اور ایسے میں چند روز بعد رمضان کا مقدس مہینہ شروع ہونے والا ہے ۔ اس سے پہلے کووڈ کے سبب پچھلا رمضان المبارک لاک ڈاؤن میں گزر گیا ۔ ایک سال کی عبادت سے مسلمان محروم ہو گئے ۔ مدارس بند تھے۔ انہوں نے کہا ایک سال میں رمضان کا مہینہ آتا  ہے۔  اس مہینے میں ہماری عبادت ضائع نہ ہو۔

    مولانا موصوف نے زور دے کر نگراں وزیر اسلم شیخ سے کہاکہ را ت  آٹھ بجے نائٹ کرفیو لگایا جارہا ہے ، کم سے کم اتنا کیا جائے کہ رات 8 بجے کی بجائے رات دس بجے نائٹ کرفیو لگایا جائے ۔ تاکہ ہماری تراویح اور قرآن مکمل ہو سکے ۔ صبح ختم ہونے کا وقت جو سات بجے مقرر کیا گیا ہے ، اس کو نو بجے تک بڑھا دیا جائے ۔ وفد کی باتوں کو غور سے سننے کے بعد نگراں وزیر اسلم شیخ نے کہا کہ اس مسئلہ سے وہ نہ صرف وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو آگاہ کریں گے ۔ بلکہ آئندہ ہونے والی کابینہ کی میٹنگ میں بھی اس معاملہ کو پیش کیا جائے گا ۔ تاکہ اس ضمن میں کوئی مثبت فیصلہ کیا جاسکے ۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس بات کا احساس ہے ، لیکن کورونا کے بڑھتے ہوئے قہر کے پیش نظر عوام کے تحفظ کیلئے حکومت نے یہ پابندیاں عائد کی ہیں ۔ امید ہے کہ لوگ حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے ۔ مولانا حلیم اللہ قاسمی نے زور دے کر کہا کہ رمضان المبارک میں عبادت ضائع نہ ہو ، اس بات کو مدنظر کھتے ہوئے ہمارے مطالبہ کو منظور کیا جائے اور تراویح اور نماز ادا کرنے کی چھوٹ دی جائے۔ دوبارہ عبادت ضائع نہ ہو اس کا خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی جو بھی گائیڈ لائنس ہیں ، اس پر مکمل طور پر عمل درآمد کیا جائے گا ۔

    وفد میں مولانا حلیم للہ قاسمی کے علاوہ مولانا محمد اشتیاق (نائب صدر جمعتہ علما مہاراشٹر) ، مفتی حفیظ اللہ قاسمی (ناظم تنظیم جمعتہ علما مہاراشٹر) ، مولانا محمد اسلم قاسمی (جمعتہ علما شمال مغربی زون ممبئی) ، مولانا محمد احمد (نائب صدر جمعتہ علما شمال مغربی زون) ، قاری اکرام اللہ جنرل سیکریٹری جمعتہ علما مالوانی ملاڈ) ، مولانا معراج الحق (آرگنائزر جمعتہ علما مہاراشٹر) شامل تھے۔
    Published by:Imtiyaz Saqibe
    First published: