ہوم » نیوز » مغربی ہندوستان

اہم خبر: مہاراشٹر میں ہوئی قلمدانوں کی تقسیم، جانیں کسے کیا ملا؟

مہاراشٹرمیں پندرہ روز بعد وزیراعلی ادھو ٹھاکرے نے آج کابینہ وزراء کو ان کے قلمدان دے دیئے ہیں۔

  • UNI
  • Last Updated: Dec 12, 2019 09:14 PM IST
  • Share this:
  • author image
    NEWS18-Urdu
اہم خبر: مہاراشٹر میں ہوئی قلمدانوں کی تقسیم، جانیں کسے کیا ملا؟
ادھو ٹھاکرے نے 28 نومبر کو مہا وکاس اگھاڑی کے چھ اراکین کے ساتھ حلف اٹھایا تھا۔

ممبئی۔ مہاراشٹرمیں پندرہ روز بعد وزیراعلی ادھو ٹھاکرے نے آج کابینہ وزراء کو ان کے قلمدان دے دیئے ہیں۔ آئندہ ہفتہ 16 دسمبر کو ناگپور میں اسمبلی کا سرمائی اجلاس شروع ہونے والا ہے۔ اس طرح جمعرات کو وزیروں کے محکموں کے سلسلے میں تذبذب کا خاتمہ ہوگیا ہے۔

مہا وکاس اگھاڑی کی سب سے بڑی پارٹنر شیوسینا کے ایکناتھ شندے نئے وزیر داخلہ ہوں گے۔ ان کے پاس اہم محکمے شہری ترقیات،جنگلات اور ماحولیات اور پارلیمانی امور رہیں گے۔ ان کی پارٹی کے سنئیر لیڈر سبھاش ڈیسائی کو صنعت،اعلی تعلیم اور ٹیکنیکل تعلیم ، کھیل کود اور نوجوانوں کی فلاح وبہبود، زراعت،نقل وحمل کے محکمے دئیے گئے ہیں۔

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے چھگن بھجبل کو دیہی ترقی کا محکمہ دیا گیا ہے۔جبکہ وہ آبی وسائل، سماجی انصاف، غذا اور ادویات و دیگر ذمہ داریاں بھی سنبھالیں گے۔ ان کی پارٹی کے معاون جینت پاٹل نئے وزیر مالیات ہوں گے اس کے ساتھ ہی وہ ہاوسنگ، صحت عامہ، لیبر اور اقلیتی ترقیات کے محکمے سنبھالیں گے۔

کانگریس کے وجے عرف بالاصاحب تھوراٹ وزیر محصول ہوں گے جبکہ ان کے پاس بجلی، طبی تعلیم،اسکولی تعلیم، مویشی پالن ، دودھ اور مچھلی پالن وغیرہ کے محکمے بھی ہوں گے۔ جبکہ کانگریس کے نتن راوت کے پاس تعمیرات عامہ، قبائلی ترقی، خواتین اور اطفال کی ترقی، کپڑا، راحت اور آبادکاری اور پسماندہ طبقات کے امور کے محکمے ہوں گے۔ ادھو ٹھاکرے نے 28 نومبر کو مہا وکاس اگھاڑی کے چھ اراکین کے ساتھ حلف اٹھایا تھا۔ لیکن انہیں قلمدان تقسیم نہیں کیے گیے تھے۔

First published: Dec 12, 2019 09:13 PM IST