ہوم » نیوز » مغربی ہندوستان

مہاراشٹر میں بڑھتے کورونا معاملات کے درمیان لاک ڈاون کی آہٹ ، ریلوے اسٹیشنوں پر امنڈی بھیڑ

Maharashtra's Lockdown: ممبئی کے کرلا اسٹیشن پر اتوار کو ایسی ہی بھیڑ دیکھنے کو ملی جہاں مہاجر مزدور گھر واپس لوٹنے کیلئے ریلوے اسٹیشن پہنچے ہیں ۔ حالانکہ صرف کنفرم ٹکٹ والے مسافروں کو ہی سفر کرنے کی اجازت ہے ۔

  • Share this:
مہاراشٹر میں بڑھتے کورونا معاملات کے درمیان لاک ڈاون کی آہٹ ، ریلوے اسٹیشنوں پر امنڈی بھیڑ
مہاراشٹر میں بڑھتے کورونا معاملات کے درمیان لاک ڈاون کی آہٹ ، ریلوے اسٹیشنوں پر امنڈی بھیڑ ۔ علامتی تصویر ۔

ممبئی : مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے ایک مرتبہ پھر سے لاک ڈاون کی آہٹ سنائی پڑرہی ہے ۔ ایسے میں بڑی تعداد میں مہاجر مزدور اپنے گھروں کی طرف لوٹنے کیلئے ریلوے اسٹیشنوں پر پہنچ رہے ہیں ۔ ممبئی کے کرلا اسٹیشن پر اتوار کو ایسی ہی بھیڑ دیکھنے کو ملی ، جہاں مہاجر مزدور گھر واپس لوٹنے کیلئے ریلوے اسٹیشن پہنچے ہیں ۔ حالانکہ قانون کے مطابق صرف کنفرم ٹکٹ والے مسافروں کو ہی سفر کرنے کی اجازت ہے ۔ اسٹیشن کے احاطہ میں لوگوں کی زبردست بھیڑ اور طویل قطاریں نظر آرہی ہیں ۔ وہیں جی آر پی اور آر پی ایف کے جوان مسلسل بھیڑ کو قابو میں کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔


بتادیں کہ مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے ریاست میں کورونا وائرس کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر سخت لاک ڈاون لگانے کا اشارہ دیا ہے ۔ مہاراشٹر حکومت آج شام ہونے والی میٹنگ میں لاک ڈاون کو لے کر فیصلہ کرے گی ۔ ریاست میں ہفتہ کو ہوئی کل جماعتی میٹنگ میں وزیر اعلی نے بگڑتی صورتحال کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاون لگانے پر تبادلہ خیا تھا ۔


مہاراشٹر میں ہفتہ کو کورونا وائرس کے 55 ہزار سے زیادہ نئے معاملات سامنے آئے ہیں اور ریاست میں کل متاثرین کی تعداد 33 لاکھ 43 ہزار 951 تک پہنچی گئی ہیں وجہ کورونا وائرس سے ایک دن میں 309 لوگوں کی موت ہونے سے مرنے والوں کی کل تعداد 57 ہزار 638 ہوگئی ہے ۔


ریاست کے محکمہ صحت نے یہ جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ مہاراشٹر میں فی الحال پانچ لاکھ 36 ہزار 682 افراد زیر علاج ہیں ۔ محکمہ نے ایک پریس نوٹ میں بتایا کہ ایک دن میں کل 53003 لوگوں کو اسپتال سے علاج کے بعد چھٹی دیدی گئی اور اس طرح مہاراشٹر میں اب تک کل 27 لاکھ 48 ہزار 153 افراد شفایاب ہوچکے ہیں ۔

اس وقت ریاست میں شفایاب ہونے کی شرح 82.18 فیصد ہے جبکہ کورونا وائرس سے اموات کی شرح 1.72 فیصد ہے ۔ ریاست میں ایک دن میں دو لاکھ 19 ہزار 977 نمونوں کی جانچ کی گئی اور اب تک کل دو کروڑ 18 لاکھ 51 ہزار 235 نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Apr 11, 2021 04:20 PM IST