ممبئی: ممبئی میں گزشتہ شب مہاراشٹر اسٹیٹ اردو اکیڈمی کے ایوارڈجلسہ میں ریاستی وزیر برائے اقلیتی امور ایکن تھ کھڑسے نے جہاں ریاست میں اردوکی ترقی وفروغ کے لیے جو بڑے بڑے اعلانات کیے ،وہیں انعامات یافتگان کو دی جانے والی ٹرافی پر ریاستی وزیر کھڑسے اور اکادمی کے چیئرمین عبدالرؤف خان کی تصویریں چسپاں کرنے سے اردوداں طبقہ میں سخت ناراضگی پائی جاتی اور کئی تنظیموں اور شخصیات نے اس نئی روایت کی سخت لہجے میں مذمت کی اور ٹرافی تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مہاراشٹر اردوساہتیہ اکادمی کے سابق کارگزار چیئرمین خورشید صدیقی نے ایک بیان میں مہاراشٹر اردوساہتیہ اکادیمی کی ٹرافی (سرکاری ٹرافی)پرپہلی بار ریاستی وزیر برائے اقلیتی امور اور کارگزارچیئرمین کی تصویریں شائع کیے جانے کی مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طورپرٹرافی کو تبدیل کی جائے۔ انہوں نے مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سابق ممبر اسٹنڈنگ کمیٹی برائے قومی اقلیتی کمیشن سلیم الوارے نے بھی اس معاملہ کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ فڑنویس کو خط لکھا ہے جس میں وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اردواکادیمی کے میمنٹو پر تصویریں شائع کیے جانے کی انکوائری کرائی جائے اور سخت اقدامات کیے جائیں ورنہ مستقبل میں کالج اور یونیورسٹیو ں کی ڈگریوں پر بھی وائس چانسلر اور پرنسپل کی تصویر شائع کی جانے لگے گی۔انہوں نے قصورواروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اس تعلق سے سوشل میڈیا پر بھی مذمت کا دور شروع ہوگیا ،بھیونڈی کے مشہور صحافی ڈاکٹر ریحان انصاری نے اسے ایک شرمناک حرکت قراردیتے ہوئے ،ٹرافیوں کو واپس بھیجنے کی مہم شروع کی جانی چاہئے اور اس کا مقصد تصویروں کو ہٹانا ہونا چاہئے اور یہی ان کا اصلی جواب ہوگا ورنہ جادوسرچڑھ کربولے گا۔ ناول نگار رحمن عباس نے بھی اس کی مذمت کی اور مطالبہ کیا ہے کہ انعام یافتگاں کو ٹرافی واپس کردینے کی جسارت کی جانی چاہئے۔ نوجوان مصنف اور شاعر قمر صدیقی نے بھی اس کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گویا اشتہاری سند اور اشتہاری ٹراقی ہے۔اس سلسلے میں انہوں نے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔