اورنگ آباد۔ مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ میں پھر الٹ پھیر ہوا ہے ۔ اے آر قریشی کا ڈسٹرکٹ جج عہدے پر تبادلہ ہوا ہے۔ ریاستی محکمہ اقلیت کے جوائنٹ سکریٹری ایس سی تڑوی کو وقف بورڈ سی ای او کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ ایس سی تڑوی نے اپنے عہدے کا چارج لے لیا ۔ مہاراشٹراسٹیٹ وقف بورڈ کے ساتھ یہ المیہ رہا ہے کہ پچھلے کئی برسوں سے بورڈ کو مستقل سی ای او نہیں مل پایا۔ اے آر قریشی بھی وقتی ثابت ہوئے۔ ایسے میں ریاستی حکومت بورڈ کے استحکام کو لیکر کتنی سنجیدہ ہے اسکا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔
مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ کی بے سرو سامانی کسی سے پوشیدہ نہیں ۔ پچھلے کئی برسوں سے وقف بورڈ کو مستقل سی ای او نہیں مل پایا۔ حکومت نے اے آر قریشی کو مستقل سی ای او بنایا تھا لیکن اس تقرری میں اصول وضوابط کو ملحوظ نہیں رکھا گیا۔ نتیجے میں سی ای او قریشی کو عدالت کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس کا راست اثر بورڈ کے کام کاج پر پڑا ۔ قریشی چھ مہینے سی ای او کے عہدے پر فائز رہے ۔ انھوں نے بہت ساری چیزوں کو درست کرنے کی کوشش کی لیکن جہاں قحط الرجال ہو وہاں بہتر کارکردگی کی امید محال ہے ۔
حالیہ چند مہینوں میں ریاستی وقف بورڈ میں میٹنگوں کا ایک سلسلہ چل پڑا تھا ۔ پچھلے تین مہینے میں چار میٹنگیں ہوئیں۔ کئی قرار دادیں منظور ہوئیں ۔ پائلٹ پروجیکٹ کے تحت مہاراشٹر کے پونہ اور پربھنی میں وقف جائیدادوں کا سروے شروع ہوا ۔ تاہم اے آر قریشی نے اس بات کا اعتراف کیا کہ عملے کی کمی کے سبب وہ اس میں سرگرم رول ادا نہیں کر پائے ۔ مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ کے چیئرمین ایم ایم شیخ نے اے آر قریشی کو تہنیت پیش کرکے الوداعیہ دیا۔ ساتھ ہی ایس سی تڑوی کا خیر مقدم کیا ۔ اس موقع پر چیئرمین نے کہا کہ ریاستی حکومت نے بورڈ سے مستقل سی ای او کی بحالی کے لیے دو نام طلب کیے ہیں ۔ عنقریب بورڈ کی میٹنگ میں فیصلہ کرکے رپورٹ حکومت کو روانہ کی جائے گی۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔