உங்கள் மாவட்டத்தைத் தேர்வுசெய்க

    مہاراشٹر : جمعیت علما ہند کی ریلیف سرگرمیوں کیلئے مندر نے کھولے دروازے ، مہا کالی مندر میں لگا میڈیکل کیمپ

    مہاراشٹر : جمعیت علما ہند کی ریلیف سرگرمیوں کیلئے مندر نے کھولے دروازے ، مہا کالی مندر میں لگا میڈیکل کیمپ

    مہاراشٹر کے چیپلون علاقہ کے مہا کالی مندر میں جمعیت کا میڈیکل کیمپ لگایا گیا ، جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو دوائیں اور اور علاج کی مفت سہولت مہیا کرائی گئی ۔ خاص بات یہ رہی برادران وطن نے میڈیکل کیمپ سے خوب استفادہ کیا ۔

    • Share this:
    نئی دہلی : جمعیت علمائے ہند مولانا ارشد مدنی گروپ کی جانب سے مہاراشٹر میں سیلاب متاثرین کی راحت اور امداد اور تمام مذاہب کی مدد کا اثر یہ ہوا ہے کہ مندر بھی راحت رسانی کی سرگرمیوں کے لیے اپنے دروازے کھول رہے ہیں ۔ مہاراشٹر کے چیپلون علاقہ کے مہا کالی مندر میں جمعیت کا میڈیکل کیمپ لگایا گیا ، جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو دوائیں اور اور علاج کی مفت سہولت مہیا کرائی گئی ۔ خاص بات یہ رہی برادران وطن نے  میڈیکل کیمپ سے خوب استفادہ کیا ۔ تفصیلات کے مطابق مہاراشٹر کا ساحلی علاقہ کوکن بھیانک سیلاب سے شدید متاثر ہے ۔ خاص طور پر مہاڈ اور چپلون کے تقریبا تمام علاقے سیلاب کی زد میں ہیں ۔ اسی طرح مغربی مہاراشٹر کے اچل کرنجی ، کولہاپور ، سانگلی ، میرج علاقے بھی سیلاب سے متاثر ہیں ، ان علاقوں میں جمعیۃ علماء مہاراشٹرکی جانب سے ریلیف کے مختلف کام کئے جارہے ہیں ، جس میں میڈیکل کیمپ کے انعقاد بھی شامل ہیں ۔ میڈیکل کیمپ میں بلا تفریق مذہب و ملت انسانی بنیادوں پر عوام کی خدمت کی جارہی ہے۔

    جمعیۃ علما پونے کے صدر قاری ادریس کی سربراہی میں چپلون کے مختلف مقامات پر میڈیکل کیمپ لگایا گیا ہے ۔ ان میں ایک میڈیکل کیمپ مہاکالی مندر میں بھی لگایا گیا ، جس میں مقامی لوگوں کا چیک اپ اور علاج کیا جارہا ہے ۔ ان علاقوں میں صد فیصد آبادی برادران وطن کی ہے۔ ڈاکٹر جلیل احمد، ڈاکٹر غزالہ ملا، ڈاکٹر خان محمد، ڈاکٹر ذہیب انصاری، ڈاکٹر تبسم خان، ڈاکٹر وسیم شیخ و دیگر ڈاکٹروں کی ٹیم میں شامل ہیں ، جنہوں نے چپلون اور مہاڈ کے مختلف مقامات پر لگے میڈیکل کیمپوں میں اپنی خدمات انجام دیں۔  جبکہ ڈاکٹر شیخ فیضان، ڈاکٹر عبدالفیض خان، ڈاکٹر شیخ مشرف اور ڈاکٹر سعید پہلے سے مہاڈ کے میڈیکل کیمپوں میں مریضوں کا علاج کررہے ہیں۔

    اسی طرح سیلاب میں غرق ہونے کی وجہ سے آٹو رکشا اور چھوٹی گاڑیاں ناقابل استعمال ہوگئی تھیں ، چنانچہ ان کی مرمت اور قابل استعمال بنانے کے لئے موٹر میکینکوں کی مختلف ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں موٹر سائیکل ، رکشا اور دیگر چھوٹی بڑی گاڑیوں کی بڑی تعداد میں مرمت کررہی ہیں ۔ برادران وطن کی ایک بڑی تعداد نے جمعیۃ علماء کی جانب سے روانہ کی گئی میکینکوں کی ٹیم سے استفادہ کیا اور اپنی گاڑیوں کو درست کرایا ۔ جمعیۃ علماء کی مختلف یونٹوں کی جانب سے موٹر میکینکوں اور الیکٹریشین کی مزید ٹیمیں مہاراشٹر کے مختلف علاقوں سے کوکن کے مختلف متاثرہ علاقوں میں پہنچ رہی ہیں ۔

    اس سے قبل بھی جمعیۃ علما کی جانب سے سیلاب متاثرین میں غذائی اجناس، کپڑے، چٹائی، جائے نماز، عمدہ کوالیٹی کے بسکٹ، پانی کی بوتلیں، گم بوٹ اور دیگر چیزیں تقسیم کی گئی تھیں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہر طرح کی راحت رسانی کا کام بڑے پیمانے پر انجام دیا جارہا ہے ۔ واضح رہے کہ مولانا مدنی نے جمعیۃ علما ہند کے تمام ذمہ داران و کارکنان کو ہدایت دی کہ امداد و بازآباد کاری کا کام مذہب سے اوپر اٹھ کر صرف انسانیت کی بنیاد پر کیا جائے۔
    Published by:Imtiyaz Saqibe
    First published: