ہوم » نیوز » No Category

ممبئی حج ہاؤس قرعہ اندازی میں 4ہزار خوش قسمت عازمین کا انتخاب

ممبئی ۔ مہاراشٹر بھر سے 7ہزار 357 کوٹہ میں سے محض 4 ہزار خوش قسمت عازمین حج کے لئے آج ممبئی کے حج ہاؤس میں قرعہ اندازی کا عمل مکمل کر لیا گیا جبکہ بقیہ عازمین کیلئے مختص کٹیگری کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔

  • UNI
  • Last Updated: Mar 29, 2016 07:44 PM IST
  • Share this:
  • author image
    NEWS18-Urdu
ممبئی حج ہاؤس قرعہ اندازی میں 4ہزار خوش قسمت عازمین کا انتخاب
ممبئی ۔ مہاراشٹر بھر سے 7ہزار 357 کوٹہ میں سے محض 4 ہزار خوش قسمت عازمین حج کے لئے آج ممبئی کے حج ہاؤس میں قرعہ اندازی کا عمل مکمل کر لیا گیا جبکہ بقیہ عازمین کیلئے مختص کٹیگری کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔

ممبئی ۔  مہاراشٹر بھر سے 7ہزار 357 کوٹہ میں سے محض 4 ہزار خوش قسمت عازمین حج کے لئے آج ممبئی کے حج ہاؤس میں قرعہ اندازی کا عمل مکمل کر لیا گیا جبکہ بقیہ عازمین کیلئے مختص کٹیگری کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ 55 ہزار سے زائد عازمین کی عرضداشت آنے کے بعد صرف 7 ہزار سے زائد ہی مہاراشٹر کو کوٹہ فراہم کیا گیا تھا جس کے سبب دیار حرم کی زیارت کے متمنی عازمین حج کو حج کی سعادت حاصل ہونے میں دشواریوں کا سامنا ہے ۔


مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی اور رکن پارلیمان اشوک چوہان نے یہاں قرعہ اندازی سے قبل حج کمیٹی آف مہاراشٹر کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حج کے کوٹے میں اضافہ کا مطالبہ کر تے ہوئے عازمین حج سے انتہائی جذباتی انداز میں ’’ مدینہ والے سے میرا سلام کہہ دینا ‘‘ کی درخواست کی اور کہا کہ ہندوستان بھر سے عازمین حج کو کسی قسم کی کوئی دشواری نہ ہو اس کا خاص خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ہم نے اس کے لئے سابقہ حکومت میں اقدامات بھی کئے تھے۔ بہت حد تک اس کی تفصیلات سابق وزیر برائے اقلیتی امور عارف نسیم خان نے فراہم بھی کردی ہے۔ میں حکومت سے یہ مطالبہ کر تا ہوں کہ جس طرح سے ناگپور ، اورنگ آباد سے حج کی فلائٹس روانہ ہوتی ہیں اسی طرز پر  ناندیڑ اور دیگر اضلاع سے بھی حج کی فلائٹ جانی چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عازمین حج کوپاسپورٹ بنانے میں کوئی دشواری نہ ہو اسکے لئے تمام اضلاع میں پاسپورٹ کی حصولیابی کے لئے مراکز کا قیام ضروری ہے۔ اکثر عازمین کو پاسپورٹ بنانے کے لئے ناندیڑ کا رخ کر نا پڑتا ہے اور چار سے پانچ مرتبہ چکر کاٹنے پڑتے ہیں ایسے میں اگر تمام اضلاع میں پاسپورٹ کی حصولیابی کو ممکن بنایا جائے تو عازمین کو سہولت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے مہمانوں کو کسی قسم کی کوئی تکلیف نہ ہو اس کے لئے میں بذات خود پارلیمنٹ میں اس سمت میں آواز بھی اٹھاؤں گا ۔


سابق وزیر اقلیتی امور عارف نسیم خان نے مہاراشٹر حج کمیٹی کی کارکردگی کی ستائش کر تے ہوئے کہا کہ حاجی ابراہیم بھائی جان نے اس کمیٹی کو انتہائی فعال بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے مہمانوں کو کسی قسم کی کوئی تکلیف نہ ہو اس کے لئے ناگپورمیں حج ہاؤس بنایا گیا۔اب اورنگ آباد سے بھی جلد ہی عازمین حج کے لئے حج ہاؤس جلد شروع ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت میں عازمین حج کے لئے اقدامات کئے گئے تھے جس کے تحت ریاست مہاراشٹر کے حجاج کرام کا کوٹہ 15 ہزار تھا لیکن امسال اس میں تخفیف کر تے ہوئے اسے نصف کر دیا گیا ہے اور محض 7ہزار کا ہی کوٹہ دیا گیا ہے۔ نسیم خان نے کہا کہ ریاست مہاراشٹر میں پورے ملک کے مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد بھی رہائش پذیر ہیں نیز جو کوٹہ مقرر کیا گیا ہے وہ مسلمانوں کی آبادی کے تناسب سے کم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ایک خیر سگالی وفد سعودی عرب جانے والا ہے لہذا وہ وزیر اعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہندوستانی حج کے کوٹے میں اضافے کے لئے سعودی حکومت سے مطالبہ کریں۔


اخبارات میں شائع شدہ خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حج کمیٹی جو کہ وزارت خارجہ کے ماتحت آتی تھی اب اسے وزارت اقلیتی امور کے ماتحت لائے جانے کا مرکزی حکومت نے فیصلہ کیا ہے جوکہ سراسر غلط ہے کیونکہ اس سے حج کمیٹی کی اہمیت کم ہوجائیگی اور بین الاقوامی سطح پر وہ اتنی فعال نہیں ہوگی جتنی وزارت خارجہ میں ہے ۔

First published: Mar 29, 2016 07:44 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading