ناندیڑ۔ ناندیڑ میونسپل کارپویشن انتخابات کیلئے پارٹیوں میں رسہ کشی کافی بڑ ھ گئی ہے ۔ مختلف سیاسی پارٹیاں ایک دوسرے پر طرح طرح کے الزامات لگا رہی ہیں ۔ ایم آئی ایم کے انتخابی جلسوں میں بڑھتی ہوئی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے کانگریس نے تلنگانہ کے اپوزیشن لیڈرشبیرعلی کو تشہیری مہم میں شامل کرلیا ہے ۔ ناندیڑ کی سیاست میں ایم آئی ایم نے بھی ایک اہم مقام بنا لیا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ مسلم اکثریتی علاقوں میں مجلس نے اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں ۔ مسلم علاقوں میں دیگر جماعتوں کا راست مقابلہ ایم آئی ایم سے ہورہا ہے ۔ ایسے میں کانگریس پارٹی نے تلنگانہ کے اپوزیشن لیڈر شبیر علی کو مدعو کیا ہے۔ شبیرعلی نے ناندیڑ دورے کے موقع پر پریس سے خطاب کرتے ہوئےمجلسی قائدین پر الزام لگایا کہ وہ لوگ ایسے افراد کی پشت پناہی کرتے ہیں جو مسلم لڑکیوں کی عرب شیخوں کے ساتھ عارضی شادیاں کراتے ہیں اور کچھ دنوں بعد ان لڑکیوں کو طلاق دے دیتے ہیں ۔
اسد الدین اویسی نے اپنی تقریروں میں روہنگیا مسلمانوں کے مسئلہ پر کانگریس کی بڑی لیڈر شپ کی جانب سے اختیار کی جارہی خاموشی پر سوال کھڑے کئے اور اس معاملے میں کانگریس کو اپنا موقف واضح کرنے کا چیلنج کیا تھا ۔ اس مسئلہ پر محمد شبیر علی نے کانگریس کے موقف کو واضح کرنے کی کوشش کی اور مجلسی قائدین کی جانب سے لگائے جا رہے الزامات کو مسترد کر دیا ۔
ناندیڑ میں کانگریس نے تمام سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں ۔ پچھلی مرتبہ ایم آئی ایم نے کانگریس کے امیدواروں کو شکست دیکر کامیابی درج کی تھی۔ اس بار بھی ایم آئی ایم اورکانگریس کے بیچ کانٹے کی ٹکر ہورہی ہے۔ ایسے میں دونوں پارٹیاں اپنے اپنے لیڈروں کو ایک دوسرے کے خلاف بیان بازیوں کے لئے استعمال کررہی ہیں ۔ عوا م پر یہ منحصر ہے کہ وہ کس کا ساتھ دیتی ہے اور کس کو مسترد کرتی ہے ۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔