ممبئی۔ پاکستانی اداکاروں کولے کر بنی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کوریلیز کرنے کے معاملے میں وزیراعلیٰ نے فلم بنانے والوں اورمہاراشٹر نونرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے کے درمیان سمجھوتہ کرائے ہیں جس کے تحت فلم والے فوجیوں کی فلاح وبہبود کے لئے قائم فنڈ میں پانچ کروڑ روپئے جمع کرائیں گے ۔ یہ سمجھوتہ کراتے ہوئے وزیراعلیٰ دیوندر فڈنویس نے شہیدوں کی توہین کی ہے۔ یہ الزام آج یہاں راشٹر وادی کانگریس پارٹی کے قومی ترجمان نواب ملک نے وزیراعلیٰ پر لگایا ہے۔
واضح رہے کہ آج وزیراعلی ٰدیوندر فڈنویس کی رہائش گاہ پر راج ٹھاکرے و کرن جوہر کی میٹنگ ہوئی ، جس میں فلم ’ اے دل ہے مشکل‘ کی ریلیز کے لئے دونوں میں سمجھوتہ ہوا ہے ، کیونکہ مہاراشٹر نونرمان سینا نے پاکستانی اداکاروں کوساتھ لے کر بنی اس فلم کو ریلیز نہ ہونے دینے کی دھمکی دی تھی۔ نواب ملک نے کہا کہ وزیراعلیٰ اپنی رہائش گاہ پر سمجھوتہ کراتے ہیں جبکہ ان کا کام ریاست میں امن وامان کو قائم رکھنا ہے، سمجھوتہ اور سیٹلمنٹ کرانا ان کا کام نہیں ہے۔ لیکن وزیراعلیٰ نے سیٹلمنٹ کرنے کا نیا کام ریاست میں شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راج ٹھاکرے کی تاریخ دیکھیں تومعلوم ہوتا ہے کہ وہ اپنا موقف مسلسل تبدیل کرتے رہتے ہیں۔ ان کی شناخت یہ ہے کہ وہ جس موضوع کو بھی اٹھاتے ہیں ، اسے انجام تک نہ پہونچاتے ہوئے درمیان میں اسے چھوڑ دیتے ہیں یا پھر سیٹلمنٹ کرتے ہیں۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مہاراشٹر نو نرمان سینا کے انجن میں بی جے پی کے ذریعے ایندھن بھرا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخاب میں بھی مہاراشٹر نونرمان سینا کی پوری کوشش تھی کہ بی جے پی کامیاب ہوجائے اور شیوسینا ہار جائے۔ وزیراعلیٰ دیوندر فڈنویس راج ٹھاکرے کو کنٹرول کرتے ہیں، جب ضرورت ہوتی ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔