ممبئی۔ اردو کے مشہور شاعر ندا فاضلي کا 78 سال کی عمر میں یہاں دل کا دورہ پڑنے سے سے انتقال ہو گیا۔ انہوں نے دن میں کوئی ساڑھے گیارہ بجے آخری سانس لی۔ 12 اکتوبر 1938 کو دہلی میں پیدا ہوئے ندا فاضلی کا مکمل نام مقتدا حسن حسن ندا فاضلی تھا۔ ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ یافتہ پدم شری ندا فاضلی کا بچپن اور جوانی گوالیار میں گزری جہاں سے انہوں نے اپنی تعلیم مکمل کی۔ 1957 میں گوالیار کالج سے گریجویٹ ہونے والے ندا نے چھوٹی عمر سے ہی لکھنا شروع کر دیا تھا۔ انہوں نے اپنا قلمی نام ندا فاضلی رکھا تھا۔ان کے اجداد کا تعلق کشمیرسے بتایا جاتا ہے جہاں سے آکر ان کے آبا دہلی میں بس گئے تھے۔ان کے والد بھی اردو کے شاعر تھے۔ تقسیم ہند کے بعد ان کے والدین اور خاندان کے لوگ پاکستان چلے گئے، لیکن ندا فاضلی نے ہندستان میں رہنے کو ترجیح دی۔
ندافاضلی عوام اور خواص دونوں کے شاعر تھے۔ ان کے یہ مصرع زبان زد عام ہیں ’’ دنیا جسے کہتے ہیں جادو کا کھلونا ہے۔ مل جائے تو مٹی ہے، کھو جائے تو سونا ہے۔ان کے جن نغمات نے جادو جگائے ان میں ’’ آبھی جا‘‘، ’’تو اس طرح سے مری زندگی میں شامل ہے‘‘، ہوش والوں کو خبر کیا‘‘ شامل ہیں۔ بچپن میں ندا ایک مندر سے بھجن کی آواز سن کرشاعری کی طرف مائل ہوئے۔ انسانیت کو انہوں نے اپنی شاعری کا محور بنایا۔ وہ مرزا اسداللہ خاں غالب اور میر تقی میر سے متاثر تھے، میرا اور کبیر سے بھی انہوں نے ذہنی استفادہ کیا۔ایلئیٹ، گگول، اینٹن چکوف (انتون چیخوف) اور ٹکاساکی کو بھی خوب پڑھا اور اپنی شاعرانہ صلاحیتوں میں اضافہ کیا۔
ابتدائی دنوں میں ندا فاضلی ملازمت کی تلاش میں ممبئی آئے اورجریدہ دھرم یُگ اور بلٹز کے لئے کافی دنوں تک لکھتے رہے۔ ان کا شاعرانہ لہجہ لوگوں کو پسند آیا۔اس طرح فلم بنانے والوں کی نظربھی ان پر پڑی ۔وہ مشاعروں میں بھی اپنا ایک مخصوص انداز رکھتے تھے۔
’’لفظوں کے پھول‘‘،’’ مور ناچ‘‘،’’ آنکھ اور خواب کے درمیان‘‘،’’ سفر میں دھوپ تو ہوگی‘‘،’’ کھویا ہوا سا کچھ‘‘،’’ دنیا ایک کھلونا ہے‘‘ مرحوم کی شاعری کے مقبول مجموعے ہیں۔ 2003 میں ندا فاضلی ا سٹار سکرین ایوارڈ برائے بہترین نغمہ نگاری ( فلم سُر)اور اسی سال بالی ووڈ مووی ایوارڈ -( فلم ‘سُر‘) سے نوازے گئے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔