ممبئی۔ مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور آزادانہ چارج مختار عباس نقوی نے کل یہاں کہا کہ عازمین نے حج 2017 کے لئے آن لائن درخواست دینے کے عمل کا بڑے پیمانے پر خیر مقدم کیا ۔ یہاں’’ آل انڈیا حج و عمرہ ٹور آرگنائزرس ایسوسی ایشن" کے اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے مسٹر نقوی نے کہا کہ ہندوستان میں سفر حج کے لئے 2 جنوری، 2017 سے درخواست دینے کا عمل شروع ہو گیا ہے جو آئندہ 24 جنوری تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں پہلی بار حج درخواست کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کردیا گیا ہے۔ اسی ماہ حج کی موبائل اپلی کیشن بھی لانچ کیا گیا ہے۔جس سے لوگ کافی فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔ نقوی نے کہا کہ اب تک تقریباً 3 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے سفر حج کے لئے درخواستیں دی ہیں جن میں سے ایک لاکھ سے زائد افراد نے آن لائن طریقے پر اور "حج کمیٹی آف انڈیا موبائل اپلی کیشن" کے ذریعہ درخواستیں دی ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ آن لائن درخواست دینے کے عمل سے لوگوں کو حج کے عمل میں شفافیت آئے گی ۔ مسٹر نقوی نے کہا کہ اقلیتی وزارت حج 2017 کے دوران عازمین حج کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرانے کے لئے بھرپور جدوجہد کررہی ہے جس کے لئے وزارت نے کئی ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ حج درخواست کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل / آن لائن کرنا اس سمت میں اہم قدم ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ہندوستانی عازمین کے تخفیف شدہ کوٹے کو بحال کردیئے جانے کی وجہ سے حج 2017 میں ہندوستان سے 34،500 زائد عازمین سفرحج پر جائیں گے۔ نقوی نے کہا کہ ان کے سعودی عرب کے دورے کے دوران سعودی حکومت اور ہندوستانی نمائندہ وفد کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط ہونے کے بعد ہندوستانی عازمین کے کوٹے میں اضافے کا یہ فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ کئی برس کے بعد ہندوستان سے سفر حج پر جانے والے عازمین کی تعداد میں اتنا بڑا اضافہ کیا گیا ہے۔ مسٹر نقوی نے کہا کہ ان کے سعودی عرب کے دورے کے دوران شاہ سلمان کی حکومت سے حاجیوں کی سہولیات، رہائش گاہ، ٹرانسپورٹ اور سیکورٹی وغیرہ کے اہم امور پربات چیت ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ حج 2016 میں ملک بھر کے 21 مراکز سے تقریباً 99،903 افراد نے حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ حج کیا اور تقریباً 36 ہزار لوگوں نے پرائیویٹ ٹور آپریٹروں کے ذریعے حج ادا کیا۔ نقوی نے کہا کہ اقلیتی وزارت نے سفر حج کے دوران عازمین کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرانے کے لئے ابھی سے بڑے پیمانے پر تیاریاں شروع کردی ہیں ۔مکہ اور مدینہ میں حج کے دوران حاجیوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچانے کے لئے حج کمیٹی آف انڈیا اور ریاستی حج کمیٹیوں کو ابھی سےعازمین کو تربیتی کیمپوں میں ٹریننگ دینے کے لئے اپنی کارروائی شروع کردینی چاہئے۔
نقوی نے کہا کہ اقلیتی وزارت نے حاجیوں کو تربیت دینے کے لئے 10-15 منٹ کی ایک ڈاکیومنٹری فلم تیار کی ہے جس میں سفر حج کے دوران عازمین کے لئے حج کی تمام تفصیلات کے علاوہ ارکان حج پر مبنی تفصیلات بھی بتائی گئی ہیں ۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔