پاترا چال کیس: سنجے راوت کو ای ڈی کا سمن، 18 نومبر کو پوچھ تاچھ کیلئے بلایا
پاترا چال کیس: سنجے راوت کو ای ڈی کا سمن، 18 نومبر کو پوچھ تاچھ کیلئے بلایا
Sanjay Raut News: ای ڈی نے مبینہ پاترا چال گھوٹالہ معاملہ میں سنجے راوت کو پھر سے پوچھ گچھ کیلئے نوٹس بھیجا ہے ۔ اس نوٹس میں ای ڈی نے 18 نومبر کو پوچھ گچھ کیلئے راوت کو حاضر ہونے کیلئے کہا ہے ۔
ممبئی : حال ہی میں جیل سے باہر نکلے شیوسینا ( ادھو گروپ) کے ممبر پارلیمنٹ سنجے راوت کی مشکلات ایک مرتبہ پھر بڑھتی ہوئی نظر آرہی ہیں ۔ دراصل ای ڈی نے مبینہ پاترا چال گھوٹالہ معاملہ میں سنجے راوت کو پھر سے پوچھ گچھ کیلئے نوٹس بھیجا ہے ۔ اس نوٹس میں ای ڈی نے 18 نومبر کو پوچھ گچھ کیلئے راوت کو حاضر ہونے کیلئے کہا ہے ۔ بتادیں کہ سنجے راوت کو اس معاملہ میں ملی ضمانت کی شرائط میں یہ بھی شامل ہے کہ جب بھی ایجنسی پوچھ گچھ کیلئے بلائے، انہیں حاضر ہونا ہوگا ۔
ممبئی کی ایک خاص عدالت نے پاترا چال ری ڈیولپمنٹ سے وابستہ منی لانڈرنگ معاملہ میں ای ڈی کے ذریعہ شیوسینا ممبر پارلیمنٹ سنجے راوت کی گرفتاری کو بدھ کو غیر قانونی اور نشانہ بنانے کی کارروائی قرار دیتے ہوئے ان کی ضمانت منظور کرلی تھی ۔ کورٹ نے یہ بھی سوال کیا کہ تھا کہ اس معاملہ کے اہم ملزم اور ریئل اسٹیٹ فرم ایچ ڈی آئی ایل کے راکیش اور سارنگ ودھان کو ای ڈی نے کبھی گرفتار کیوں نہیں کیا ۔
اس معاملہ میں سنجے راوت تقریبا تین مہینے سے جیل میں تھے ۔ ای ڈی نے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے راوت کو ایک اگست کو مضافاتی گورے گاوں میں پاترا چال کے ری ڈیولپمنٹ کے سلسلہ میں مالی بے ضابطگیوں میں ان کے مبینہ کردار کیلئے گرفتار کیا تھا ۔ وہیں ضمانت ملنے کے بعد راوت کے جیل سے باہر آنے کی جانکاری پر ان کے حامی آرتھرڈ روڈ جیل کے باہر جمع ہونا شروع ہوگئے تھے ۔ راوت کے جیل سے باہر آتے ہی حامیوں نے جشن منانا شروع کردیا تھا اور ان کی حمایت میں نعرے لگائے گئے تھے ۔ اس دوران حامیوں نے جیل کے قریبی پٹاخے بھی چلائے تھے ۔
بامبے ہائی کورٹ نے مبینہ منی لانڈرنگ معاملہ میں شیوسینا ممبر پارلیمنٹ سنجے راوت کو ایک خصوصی عدالت سے ملی ضمانت پر فوری روک لگانے سے بدھ کو انکار کردیا تھا۔ عدالت نے کہا تھا کہ وہ اس طرح کا حکم دونوں فریقوں کو سنے بغیر نہیں پاس کرسکتی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی اس نے معاملہ کی سماعت کیلئے جمعرات کا دن طے کیا ۔ ایک خصوصی عدالت نے راوت اور ساتھی ملزم پروین راوت کی ضمانت دن میں منظور کرلی تھی اور جمعہ تک اس ضمانت کے حکم پر روک کی ای ڈی کی درخواست ٹھکرا دی تھی ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔