ممبئی : جگنیش میوانی اور عمر خالد کے طلبہ کے خطاب پر روک ، احتجاجی طلبہ کو حراست میں لیا گیا
احتجاج کرنے والے طلبہ کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔فوٹو : ٹی وی فوٹیج
گزشتہ کل ممبئی میں دلت تنظیموں کی جانب سے منائے گئے پر تشدد مہاراشٹر بند کے خلاف آج یہاں ممبئی پولیس نے گجرات کے دلت لیڈر و رکن اسمبلی جگنیش میوانی اور جے این یو طلبا لیڈر عمر خالد کو بائیں بازو کی طلبا تنظیم چھاتر بھارتی کے طلبا کنونشن میں خطاب کی اجازت نہیں دی گئی
ممبئی : گزشتہ کل ممبئی میں دلت تنظیموں کی جانب سے منائے گئے پر تشدد مہاراشٹر بند کے خلاف آج یہاں ممبئی پولیس نے گجرات کے دلت لیڈر و رکن اسمبلی جگنیش میوانی اور جے این یو طلبا لیڈر عمر خالد کو بائیں بازو کی طلبا تنظیم چھاتر بھارتی کے طلبا کنونشن میں خطاب کی اجازت نہیں دی گئی اور تقریب کے انعقاد کی اجازت ہی منسوخ کر دی جس کے نتیجے میں احتجاج کرنے والے ریاستی رکن قانون ساز کونسل کپل پاٹل سمیت سینکڑوں طلبا کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ممبئی کے مضافات کے بھائی داس ہال میں آج چھاتر بھارتی کا قومی سطح کا ایک کنونشن منعقد ہونے جا رہا تھا جس میں دونوں خالد اور میوانی طلبا سے خطاب کرنے والے تھے۔ ممبئی پولیس کی ایک بھاری کمک نے آج صبح اس ہال کو چاروں جانب سے گھیر لیا تھا اور امتناعی احکامات نافذ کر کے تقریب کی اجازت نامے کو منسوخ کر دیاتھا۔ گجرات کی سیاست کا دلت چہرہ اور گزشتہ دنوں قومی اخبارات کی زینت بننے والے میوانی اور خالد اس تقریب میں شریک ہونے ہی نہ آسکے لیکن اس سے قبل پونہ میں ان دونوں لیڈران کے خلاف ایف آئی آر درج کر لیا جس کے تعلق سے ممبئی پولیس نے دونوں کے خلاف سرچ وارنٹ جاری کیا۔اس دوران جب پولیس نے اجازت منسوخ کر دی تو طلبا نے ہال کے باہر کھڑے رہ کر حکومت اور مودی سرکار کے خلاف جم کر نعرہ بازی کی۔ چند طلبا نے ہال میں گھسنے کی کوشش کی تو پولیس نے انہیں جبرا گھسیٹ کر باہر نکال دیا اور انہیں حراست میں لیا۔ ان طلبا کو جوہو پولیس نے حراست میں لیا اور پھر انہیں سانتا کروز پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا۔ چھاتر بھارتی کے قومی صدر کپل پاٹل کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیا تھا۔ انہوں نے اخبار نویسوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیو سینا بی جے پی حکومت کے اشاروں پر پولیس نے 800 سے زائد طلبا کو حراست میں لیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کنونشن کا انعقاد کئی دنوں پہلے سے کیا گیا تھا اور اس کی باقاعدہ اجازت حاصل کی گئی تھی لیکن حکومت نے گھبرا کر اجازت منسوخ کر کے جمہوریت کا گلا گھونٹا ہے۔
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔