ہوم » نیوز » مغربی ہندوستان

دہلی تشدد معاملہ: پورے ملک سمیت مہاراشٹر میں جاری احتجاج کو تحفظ فراہم کیا جائے: الائنس اگینسٹ سی اے ا ے

ممبئی میں واقع گورنر ہاؤس میں کل جماعتی نمائندہ وفد کے رکن مولانا محمود دریابادی نے نیوز18 اردو کو بتایا کہ مہاراشٹر کے گورنر، بی ایس کوشیاری سے دہلی تشدد کی صاف وشفاف جانچ کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

  • Share this:
دہلی تشدد معاملہ: پورے ملک سمیت مہاراشٹر میں جاری احتجاج کو تحفظ فراہم کیا جائے: الائنس اگینسٹ سی اے ا ے
ملک بھر سمیت مہاراشٹر میں جاری احتجاج کو تحفظ فراہم کیا جائے: الائنس اگینسٹ سی اے ا ے

ممبئی: دہلی تشدد میں انسانی جانوں کے نقصان اور پولیس کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف آج ممبئی کے مراٹھی پترکار سنگھ میں الائنس اگینسٹ سی اے اے، این پی آر اینڈ این آر سی کی ممبئی اکائی نے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔ ممبئی کے مراٹھی پترکار سنگھ میں پریس کانفرنس کے اختتام کے بعد الائنس کے ایک نمائندہ وفد نے مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کرتے ہوئے دہلی تشدد کی مذمت کی اور تشدد میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو دس لاکھ روپئے کا معاوضہ فراہم کرنے نیز املاک کی بھی تباہی کا معاوضہ ادا کرنےکی مانگ کی۔ ممبئی میں واقع گورنر ہاؤس میں کل جماعتی نمائندہ وفد کے رکن مولانا محمود دریابادی نے نیوز18 اردو کو بتایا کہ مہاراشٹر کے گورنر، بی ایس کوشیاری سے تشدد کی صاف وشفاف جانچ کا بھی مطالبہ کیا گیا۔


ممبئی کے مراٹھی پترکار سنگھ میں گورنر سے ملاقات سے قبل تمام مذاہب اور مکاتب فکر کے نمائندوں اور الائنس اگینسٹ سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے ذمہ داروں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر جانب داری کا الزام عائد کیا نیز مرکزی وزیر داخلہ سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ پریس کانفرنس میں شریک ایڈووکیٹ راکیش راٹھور ونجارا نے کہا کہ تمام سماج سے وابستہ افراد الائنس میں ہیں۔ دہلی کے لوگوں نے نفرت کو نظر انداز کرکے ترقی کے نام پر عام آدمی پارٹی کو جتایا۔ یہ باتیں سنگھ کے لوگوں کو ہضم نہیں ہوئیں اور اب وہ دہلی کو نفرت کی آگ میں جلاکر بدلہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ہم دہلی پولس اور وزیر داخلہ کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم حکومت مہاراشٹر سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ ممبئی باغ میں بیٹھی خواتین کی سلامتی کو یقینی بنائے تاکہ مہاراشٹر اس طرح کے شرمناک فسادات سے محفوظ رہے۔


ڈاکٹر روی کمار اسٹیفن نے کہا کہ ہم مظلوموں اور متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کا کردار بھی ٹھیک نہیں ہے۔ اروند کیجریوال نے نوجوانوں کی بات سننے کی بجائے ان پر لاٹھی چارج کروایا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں جاری احتجاج ختم کرنے کیلئے فساد کی سازش رچی گئی۔ امیت شاہ استعفیٰ دیں، دہلی پولس پر بھروسہ نہیں اس لئے دہلی کو فوج کے حوالے کیا جائے۔ ہائی کورٹ کے جج کا تبادلہ انتقام کی کارروائی ہے۔

First published: Feb 28, 2020 06:44 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading