واشنگٹن: ممبئی 26/11 حملے کے خلاف سنیچر کے روز امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارت خانے کے باہر لوگوں نے احتجاج کیا۔ سال 2008 میں 26 نومبر کو ممبئی میں تاج ہوٹل، اوبرائے ٹرائیڈنٹ، نریمان ہاؤس، سی ایس ایم ٹی ریلوے اسٹیشن، کاما اسپتال، لیوپولڈ کیفے سمیت 12 مقامات پر پاکستان کی سرپرستی میں دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس میں 166 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
پاکستان کے کراچی سے سمندری راستے سے ممبئی میں داخل ہونے والے دہشت گردوں نے 4 دن تک شہر میں ہنگامہ برپا کیا۔ ممبئی پولیس، انڈین آرمی، میرین کمانڈوز اور این ایس جی نے لمبی مڈ بھیڑ کے بعد ان دہشت گردوں کو مار گرایا۔ اجمل امیر قصاب کو زندہ پکڑا گیا، 4 سال کے عدالتی ٹرائل کے بعد سزا سنائی گئی اور 21 نومبر 2012 کو پھانسی دی گئی۔
اس حملے کے اصل سازشی ساجد میر، حافظ سعید، ذکی الرحمان لکھوی آج بھی پاکستان میں آزاد گھوم رہے ہیں۔ ساجد میر اور حافظ سعید بھارت کے انتہائی مطلوب دہشت گردوں میں شامل ہیں۔ اس بات کے مضبوط شواہد سامنے آئے ہیں کہ یہ دونوں ممبئی میں 26/11 کے دہشت گردانہ حملوں کے اہم سازشی تھے۔ اس کے بعد بھی گزشتہ ستمبر میں چین نے ساجد میر کو بلیک لسٹ کرنے کی اقوام متحدہ کی قرارداد پر اپنا ویٹو پاور استعمال کیا۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی القاعدہ پابندیوں کی کمیٹی 1267 کے تحت ساجد میر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے اور اس پر پابندی لگانے کی مشق چین کی وجہ سے آگے نہیں بڑھ سکی۔ امریکی ایجنسی ایف بی آئی پہلے ہی ساجد میر کو انتہائی مطلوب دہشت گرد قرار دے چکی ہے اور اس کے سر پر 50 لاکھ ڈالر کا انعام بھی رکھا ہوا ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔