ہوم » نیوز » مغربی ہندوستان

راجستھان میں آڈیو کلپ پر مچا ہنگامہ، بی جے پی نے کی سی بی آئی جانچ کی مانگ

راجستھان میں جاری سیاسی اتھل پتھل کے درمیان ارکان اسمبلی کی مبینہ خرید وفروخت سے منسلک آڈیو کلپ پر سیاست گرم ہوتی نظر آ رہی ہے۔

  • Share this:
راجستھان میں آڈیو کلپ پر مچا ہنگامہ، بی جے پی نے کی سی بی آئی جانچ کی مانگ
اشوک گہلوت، سچن پائلٹ

جئے پور۔ راجستھان (Rajasthan) میں جاری سیاسی اتھل پتھل کے درمیان ارکان اسمبلی کی مبینہ خرید وفروخت سے منسلک آڈیو کلپ پر سیاست گرم ہوتی نظر آ رہی ہے۔ ریاست کی اپوزیشن بی جے پی (BJP)  نے اس معاملہ کی سی بی آئی سے جانچ کرانے کی مانگ کی ہے۔ بی جے پی نے اس سلسلہ میں پولیس میں ایف آئی آر بھی درج کرائی ہے۔ بی جے پی نے جئے پور کے جیوتی نگر تھانہ میں درج ایف آئی آر میں الزام لگایا کہ کانگریس لیڈر سرجےوالا، ڈوٹاسرا اور لوکیش شرما نے ارکان اسمبلی کی خرید وفروخت کے فرضی ویڈیو بنا کر بی جے پی رہنماوں کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔ بی جے پی نے اس سلسلہ میں ہتک عزت کا کیس درج کرایا اور پولیس سے ان رہنماوں کو گرفتار کرنے کی مانگ کی۔


وہیں، دوسری طرف اب ارکان اسمبلی کی خرید وفروخت میں سامنے آئے آڈیو ٹیپ معاملے کو لے کر اینٹی کرپشن بیورو (ACB) میں بھی ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، راجستھان اسمبلی میں چیف وہپ مہیش جوشی کی شکایت پر یہ ایف آئی آر درج ہوئی ہے۔ ایف آئی آر میں رکن اسمبلی بھنور لال شرما کو نامزد بنایا گیا ہے، کیونکہ بیانوں میں مہیش جوشی نے کہا کہ رکن اسمبلی بھنور لال شرما کی آواز کو وہ پہچانتے ہیں۔ اے سی بی ہیڈ کوارٹر میں پی سی ایکٹ کے تحت یہ معاملہ درج کیا گیا ہے۔


راجستھان میں سیاسی ڈرامہ کے درمیان ایس او جی کی ٹیم نے بڑی کارروائی کی ہے۔ راجستھان پولیس کی اسپیشل آپریشن گروپ کی ٹیم نے تعزیرات ہند کی دفعہ 124 اے اور 120 بی کے تحت سنجے جین کو گرفتار کر لیا ہے۔ دوسری طرف آئی ٹی محکمہ کی ایک بڑی کارروائی سامنے آئی ہے۔ آئی ٹی محکمہ نے دو دن پہلے مارے گئے چھاپے میں تقریبا 1.7 کروڑ روپئے اور بے حساب زیورات برآمد کئے ہیں۔ اس کی قیمت 12 کروڑ روپئے سے زیادہ بتائی جا رہی ہے۔

Published by: Nadeem Ahmad
First published: Jul 18, 2020 11:14 AM IST