ممبئی: کسانوں کی حمایت میں سماجوادی پارٹی کا شیواجی نگر سگنل پر احتجاج
ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ سرکار گھمنڈ اور غرور سے دوچار ہے اس لئے اسے کسانوں اور عوام کا درد نظر نہیں آرہا ہے لیکن عوام اب کسانوں کے شانہ بشانہ ہیں۔ ایسی صورتحال میں سرکار کو اب بھی اپنے فیصلے کو واپس لینا چاہئے۔
- news18 Urdu
- Last Updated: Dec 09, 2020 08:11 AM IST

ایس پی لیڈر ابوعاصم اعظمی کی فائل فوٹو
ممبئی کے مضافات شیواجی نگر سگنل پر سماجوادی پارٹی لیڈر و رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے کسانوں کی حمایت میں سراپا احتجاج کیا اور کسان مخالف بل کو واپس لینے کا پر زور مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بل واپس لینے علاوہ کوئی شرط منظور نہیں ہے یہ کسانوں نے واضح کر دیا ہے۔ جب کسان ہی یہ کہہ رہے ہیں کہ یہ قانون ان کے حق میں نہیں ہے تو پھر سرکار کے وزراء اسے نافذ العمل کیلئے بضد کیوں ہیں۔ اگر کسانوں کو یہ قانون منظور ہوتا تو وہ سڑکوں پر سردی میں بیٹھنے پر مجبور نہیں ہوتے اس لئے سرکار کو ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے۔ اگر یہ قانون واپس نہیں لیا گیا تو احتجاج میں مزید شدت پیدا ہوگی۔
اس قسم کا انتباہ کل یہاں احتجاجی مظاہرہ کے دوران جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی اور ایس پی لیڈر ابو عاصم اعظمی نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکار گھمنڈ اور غرور سے دوچار ہے اس لئے اسے کسانوں اور عوام کا درد نظر نہیں آرہا ہے لیکن عوام اب کسانوں کے شانہ بشانہ ہیں۔ ایسی صورتحال میں سرکار کو اب بھی اپنے فیصلے کو واپس لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی کسانوں کے حق کی بات تو کرتے ہیں لیکن جب کسان ہی کہہ رہے ہیں کہ انہیں اس قسم کا قانون نہیں چاہئے تو پھر ہٹ دھرمی پر کیوں آمادہ ہیں۔

کسانوں کا احتجاج جاری: فائل فوٹو
ابوعاصم اعظمی نے یہاں مرکزی سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج ملک کے حالات انتہائی خراب ہوگئے ہیں۔ اتنا ہی نہیں، ملک کی جی ڈی پی گر چکی ہے۔ معیشت تباہ ہوگئی ہے لیکن مودی سرکار اپنے اکثریت کے غرور میں عوام مخالف فیصلے کر رہی ہے۔ اعظمی نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی آواز دبانے کیلئے سرکار اعلی لیڈران کو گرفتار کر رہی ہے۔ انہیں نظر بند کیا جارہا ہے یہ ناقابل برداشت ہے۔