ہوم » نیوز » مغربی ہندوستان

ماہنامہ الاتحاد ممبئی کے خصوصی شمارہ ’’عظمت صحابہؓ نمبر‘‘کا اجراء واجلاس عام کا انعقاد

ضلعی جمعیت اہل حدیث نارتھ ایسٹ ممبئی کے زیر سرپرستی ایک روزہ اجلاس عام و ماہنامہ’’ الاتحاد‘‘ممبئی کے خصوصی شمارہ ’’عظمت صحابہ نمبر ‘‘ کا رسمِ اجراء جامع مسجد اہل حدیث ومدرسہ رحمانیہ گوونڈی ممبئی میں منعقد ہوا۔

  • Share this:
  • author image
    NEWS18-Urdu
ماہنامہ الاتحاد ممبئی کے خصوصی شمارہ ’’عظمت صحابہؓ نمبر‘‘کا اجراء واجلاس عام کا انعقاد
ماہنامہ الاتحاد ممبئی کے خصوصی شمارہ ’’عظمت صحابہؓ نمبر‘‘کا اجراء

ممبئی: جامع مسجد اہل حدیث ومدرسہ رحمانیہ گوونڈی ممبئی سے شائع ہونے والے ماہنامہ الاتحاد ممبئی کے خصوصی شمارہ ’’عظمت صحابہ نمبر‘‘کے رسم اجرا ء کی مناسبت سے 8؍دسمبر بروز اتواربعد نماز مغرب ایک پروقار تقریب اوراجلاس عام کا انعقاد کیا گیاجس میں علمائے کرام نے خطابات میں عظمت صحابہ کے حوالے سے لوگوں کو بیدار کیا اورانہی کے مطابق زندگی گزارنے کی تلقین کی۔ واضح ہوکہ ضلعی جمعیت اہل حدیث نارتھ ایسٹ ممبئی کے زیر سرپرستی ایک روزہ اجلاس عام و ماہنامہ’’ الاتحاد‘‘ممبئی کے خصوصی شمارہ ’’عظمت صحابہ نمبر ‘‘ کا رسمِ اجراء جامع مسجد اہل حدیث ومدرسہ رحمانیہ گوونڈی ممبئی میں منعقد ہوا۔ اس پروگرام کی صدارت فضیلۃ الشیخ جلال الدین فیضیؔ؍ حفظہ اللہ (سرپرست ماہنامہ ہذا وامیر ضلعی جمعیت اہل حدیث نارتھ ایسٹ ممبئی ) اور نظامت کے فرائض فضیلۃ الشیخ فیض الرحمن رحمانیؔ؍حفظہ اللہ انجام دیئے۔

سب سے پہلے شیخ عبیداللہ سلفی (امام وخطیب جامع مسجد اہل حدیث کاپڑیا نگر کرلا) نے عظمت صحابہ کے موضوع پر قرآن وسنت کی روشنی میں صحابہ کرام کومعیارِ ایمان وہدایت قراردیتے ہوئے انھیں قرآن وسنت کا امین بتلایا اورموجودہ حالات میں صحابہ پر سب وشتم اورانھیں مطعون کی سازش کرنے والوں کومتنبہ کیا کہ ہردورمیں ا س طرح کے لوگ پائے گئے ہیں لیکن اللہ نے دفاعِ صحابہ کا کسی نہ کسی طرح بندوبست کردیا ہے۔ یہ پروگرام اور اس موقع سے ’’عظمت صحابہ نمبر‘‘ کا اجراء بھی دفاع صحابہ کی ایک کڑی ہے۔ مولانا نے کہا کہ صحابہ کومطعون کرنے کی سب سے پہلی سازش یہودیوں کی ہے جس کے ذریعہ وہ منبع شریعت کومطعون اوراسے غلط ثابت کرنے کی سعی  کررہے ہیں۔ اس کے بعد جامعہ رحمانیہ کاندیولی کے شیخ الجامعہ شیخ ضمیراحمد مدنی حفظہ اللہ نے عظمت صحابہ کوپامال کرنے اورصحابہ کو مطعون کرنے، ان سے تبراء، ان کی تنقیص اور ان پر زبان دراز ی کی ابتداء کیسے ہوئی اورکہاں سے ہوئی اسے تاریخی حقائق وحوالوں کی روشنی میں واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج جوبھی صحابہ کی تنقیص میں زبان درازی کررہے ہیں وہ سب تشیع ورفض زدہ اورخارجی ہیں۔

بعدہ ماہنامہ الاتحاد کے ایڈیٹر شیخ ہلال ہدایت سلفی نے الاتحاد کے اس خصوصی شمارہ عظمت صحابہ نمبر شائع کرنے کا مقصد بیان کیا اورجملہ مضمون نگاران اور ہر طرح کا ممکن تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ خصوصی طورپر نائب ایڈیٹر کاشف شکیل اور ادارہ کے روح رواں شیخ جلال الدین فیضی وصدر جناب عبدالکریم صاحب کاشکریہ اداکیا کہ جنہوں نے اپنے طور سے کام کرنے کا آزادانہ اورخوشگوار ماحول مہیا کیا۔ ساتھ ہی قارئین سے گزارش کی کہ ماہنامہ آپ کے ہاتھ میں ہے آپ اس میں پائی جانی والی خوبیوں اورخامیوں سے ہمیں آگاہ کریں ،ہم آپ کے مشوروں کا تہہ دل سے استقبال کرتے ہیں۔پھرماہنامہ الاتحاد کے خصوصی شمارہ ’’عظمت صحابہ نمبر‘‘ کااجراءمؤقرعلماء و عمائدین کے ہاتھوں عمل میں آیا جس میں الاتحاد کی پوری ادارتی ٹیم، مدرسہ کے جملہ ذمہ داران واساتذہ اورعلاقے کے ائمہ مساجد وعلمائے کرام شامل رہے۔

First published: Dec 09, 2019 02:03 PM IST