ہندوستانی مسلمان اور پاکستان کو لے کر مغربی بنگال کے وزیر فرہاد حکیم نے دیا بڑا بیان، کہی یہ بات
پاکستان پاکستان میں ہے اور ہندوستانی مسلمانوں میں پاکستان کی تلاش حیران کن ہے۔ مغربی بنگال کے وزیر فرہاد حکیم نے بی جے پی کی جانب سے خود کو منی پاکستان پکارے جانے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی پر کشیدگی پھیلانے کا الزام لگایا۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Dec 26, 2020 11:51 PM IST

ہندوستانی مسلمان اور پاکستان کو لے کر مغربی بنگال کے وزیر فرہاد حکیم نے دیا بڑا بیان، کہی یہ بات
بنگال میں سیاسی جدوجہد کے درمیان بہت کچھ دیکھنے اور سننے کو مل رہا ہے ۔ برسر اقتدار جماعت کے کئی لیڈران نے بی جے پی کا پرچم تھامتے ہوئے جہاں وزیر اعلی ممتا بنرجی کو سخت چیلنج دیا ، تو ترنمول کانگریس نے بھی بی جے پی کے کئی لیڈران کے گھر والوں کو پارٹی سے جوڑتے ہوئے مقابلہ سخت کردیا ہے ۔ تاہم ان سب کے درمیان پاکستان و پاکستانی کے نعرے نے ایک نئی بحث کو جنم دیدیا ہے۔
ترنمول سے بی جے پی میں شامل ہوئے شوبھیندو ادھیکاری نے ریاستی وزیر فرہاد حکیم کو منی پاکستان کہتے ہوئے لوگوں کو اس طرح کے لیڈران سے دور رہنے کی اپیل کی ۔ وہیں فرہاد حکیم نے اس طرح کے بیانات پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک ان کا ہے ، ملک کے مسلمانوں نے ہندوستان کے لئے قربانی دی ہے اور آج بھی ملک کی ترقی میں مسلم طبقہ پیشِ پیشِ ہے ۔
سیاست کے لئے مسلمانوں کو نشانہ بنائے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فرہاد حکیم نے شوبھیندو ادھیکاری پر بی جے پی کو خوش کرنے کے لئے فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستانی ہے اور مرنے کے بعد بھی وہ اسی زمین میں دفن ہوں گے۔ انہوں نے مسلمانوں کی حب الوطنی پر سوال اٹھانے کی بجائے ان کی قربانیوں کو یاد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پاکستان میں ہے اور ہندوستانی مسلمانوں میں پاکستان کی تلاش حیران کن ہے۔ فرہاد حکیم نے بی جے پی کی جانب سے خود کو منی پاکستان پکارے جانے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی پر کشیدگی پھیلانے کا الزام لگایا۔