تری پورہ میں بچہ چوری کے شک میں بھیڑ کے ذریعہ ایک مسلم شخص کا قتل اور دو کو بری طرح سے زخمی کردئے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ ظہیرخان نامی شخص کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ گلزار اور خورشید خان کا علاج چل رہا ہے اور ان کی حالت کافی سنگین بتائی جارہی ہے۔ یہ تینوں اترپردیش کے رہنے والے ہیں ۔
گزشتہ ایک سال میں فرضی خبروں کی وجہ سے ملک بھر میں یہ 24 واں قتل ہے ۔ وہاٹس ایپ کے ذریعہ ملک میں ان دنوں بڑے پیمانے پر فرضی خبریں پھیلائی جارہی ہیں ۔ گزشتہ پانچ دنوں میں چھتیس گڑھ اور گجرات میں بچہ چوری کے شک میں دو افراد کا قتل کیا جاچکا ہے اور کئی لوگوں کی پٹائی بھی کی جاچکی ہے ۔
تری پورہ میں منگل کی رات 11 سال کے ایک لڑکے کا قتل کردیا گیا ۔ چوتھی جماعت میں پڑھنے والے پورنا بسواس کی لاش اس کے گھر کے نزدیک ہی مغربی تری پورہ کے موہن پور علاقہ میں ملی ۔ اس کے بعد پورے علاقہ میں افواہ پھیل گئی کہ بچہ چور گروہ متحرک ہے جو قتل کرکے جسم سے کئی اعضا نکال لیتا ہے ۔
حالانکہ پولیس نے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے یہ معلوم ہوا کہ بچہ کے جسم سے کوئی بھی عضو نہیں نکالا گیا ہے جبکہ مقامی لوگوں نے دعوی کیا ہے کہ لڑکے کی کڈنی نکال لی گئی تھی ۔
ڈی جی پی اکھل کمار شکلا نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہ پر توجہ نہ دیں اور ساتھ ہی ساتھ سماج میں دہشت پھیلانے کیلے فرضی خبر کی تشہیر نہ کریں ۔ ڈی جی پی نے یہ بھی وارننگ دی کہ ایسے لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔
تنمے چکرورتی کی رپورٹ
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔