ہریانہ کے وزیر اعلی کھٹر کا بڑا بیان ، آندولن سے ہوئے نقصان کی تلافی کیلئے لائیں گے قانون
Farmer Protest : ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر نے یہ بیان مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ میٹنگ کے بعد دیا ۔ کھٹر نے کہا کہ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ کے ساتھ کسانوں کے احتجاج اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Feb 14, 2021 12:04 PM IST

ہریانہ کے وزیر اعلی کھٹر کا بڑا بیان ، آندولن سے ہوئے نقصان کی تلافی کیلئے لائیں گے قانون
ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر نے ہفتہ کو کہا کہ ان کی حکومت عوامی املاک کو نقصان پہنچانے والے مظاہرین سے نقصان کی بھرپائی کرنے کا قانون لے کر آئے گی ۔ کھٹر نے یہ بیان مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ میٹنگ کے بعد دیا ۔ کھٹر نے کہا کہ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ کے ساتھ کسانوں کے احتجاج اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس سے پہلے ہریانہ کے وزیر اعلی نے کہا تھا کہ کچھ لوگ صرف اس لئے آندولن کررہے ہیں کہ انہیں مرکز کے قوانین کے خلاف احتجاج کرنا ہے ۔
ہریانہ کے وزیراعلی نے کہا کہ دہلی میں ریاست کے اراکین پارلیمنٹ کے میٹنگ کی ، جس میں مارچ میں اسمبلی میں پیش ہونے والے ریاست کے بجٹ کو لے کر گفتگو کی ۔ زرعی قوانین کے خلاف احتجاج پر کھٹر نے کہا کہ مرکز نے یہ واضح کردیا ہے کہ تینوں زرعی قوانین کسانوں کے فائدے کے لئے ہیں اور اس کے ذریعہ زراعت کے شعبہ میں بڑی تبدیلیاں ہوں گی ۔ بیان کے مطابق کھٹر نے کہا کہ کچھ لوگ صرف مخالفت ظاہر کرنے کیلئے احتجاج کررہے ہیں ۔
اس سے پہلے کھٹر نے ریاست میں کسانوں کے خوش ہونے کا دعوی کرتے ہوئے منگل کو بھارتیہ کسان یونین کے لیڈر راکیش ٹکیت اور گرمان سنگھ چڈھونی پر نشانہ سادھا تھا اور الزام لگایا کہ کچھ مایوس لیڈر کسانوں کا استعمال اپنے مفادات کے حصول کیلئے کررہے ہیں ۔
دہلی میں 26 جنوری کو تشدد کے بعد کسان آندولن اپنی رفتار کھونے لگا تھا ، لیکن اترپردیش سے بی کے یو لیڈر راکیش ٹکیت کی جذباتی اپیل کے بعد مظاہرہ میں نئی جان آگئی تھی۔ ٹکیٹ نے گزشتہ ایک ہفتہ میں ہریانہ میں کئی کسان مہاپنچایتوں کو خطاب کیا ہے ۔