بھائی دوج پر کیجریوال حکومت کا تحفہ، آج سے ڈی ٹی سی اور كلسٹر بسوں میں مفت سفر کر سکیں گی خواتین

وزیر اعلی اروند کیجریوال نے گزشتہ روز اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا تھا کہ 29 اکتوبر یعنی بھائی دوج سے ڈی ٹی سی اور كلسٹر بسوں میں خواتین مفت سفر کر سکیں گی۔

Oct 29, 2019 11:24 AM IST | Updated on: Oct 29, 2019 11:25 AM IST
بھائی دوج پر کیجریوال حکومت کا تحفہ، آج سے ڈی ٹی سی اور كلسٹر بسوں میں مفت سفر کر سکیں گی خواتین

علامتی تصویر

نئی دہلی۔ دہلی حکومت نے خواتین کو بھائی دوج کے موقع پر منگل سے دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ڈی ٹی سی ) اور كلسٹر بسوں میں ’مفت سفر‘ کا تحفہ دیا ہے اور یہ اسکیم آئندہ برس مارچ تک عمل میں رہے گی۔  ساتھ ہی ان کے تحفظ کے لئے بسوں میں 13 ہزار مارشل بھی تعینات رہیں گے ۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال نے گزشتہ روز اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا تھا کہ 29 اکتوبر یعنی بھائی دوج سے ڈی ٹی سی اور كلسٹر بسوں میں خواتین مفت سفر کر سکیں گی ۔

کیجریوال نے بتایا کہ خواتین کے تحفظ کے لئے دہلی حکومت بسوں میں 13 ہزار مارشل کی تعیناتی بھی عمل میں لائے گی۔ ان مارشل کی بھرتی کی جا چکی ہے ۔ وزیر اعلی نے بتایا کہ ڈی ٹی سی اور كلسٹر بسوں میں سفر کرنے والے کل مسافروں میں ایک تہائی خواتین ہوتی ہیں اور حکومت کے اس فیصلے سے ان سبھی کو فائدہ ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کو بسوں میں مفت سفر کے لئے گلابی رنگ کا ’سنگل سفر ‘ پاس لینا ہوگا۔ یہ پاس بس کنڈیکٹر سے ہی مل جائے گا ۔ خواتین مسافر کو پاس کے لئے کوئی ادائیگی نہیں کرنی پڑے گی ۔ یہ پاس دہلی اور قومی دارالحکومت علاقہ (این سی آر) میں چلنے والی ڈی ٹی سی کی ایئر کنڈیشنڈ اور غیر ایئر کنڈیشنڈ بسوں کے علاوہ كلسٹر بسوں میں بھی منظور ہوں گے۔

وزیر اعلی نے بتایا کہ بس میں مفت سفر کے لئے خواتین کا دہلی کا شہری ہونا بھی ضروری نہیں ہے۔ یہ اسکیم فی الحال آئندہ برس مارچ تک نافذ کی گئی ہے۔ خواتین مسافروں کو مفت میں سفر کے لئے ڈی ٹی سی کو خسارہ نہیں ہو سکے اس کے لئے دہلی حکومت اس پاس کے بدلے میں 10 روپئے کی ادائیگی کرے گی ۔ اسکیم کے تحت روزانہ 10 لاکھ گلابی پاس جاری کئے جائیں گے۔ ڈی ٹی سی کے بیڑے میں تقریبا 3800 بسیں ہیں جبکہ كلسٹر سروس کے تحت 1600 سے زائد چل رہی ہیں ۔ ڈی ٹی سی میں روزانہ اوسطا 31 لاکھ اور كلسٹر بسوں میں 12 لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں جن میں سے تقریبا ایک تہائی خواتین ہیں۔

Loading...
Listen to the latest songs, only on JioSaavn.com