نئی دہلی: ترنمول کانگریس کے لیڈر یشونت سنہا نے منگل کو پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ اپوزیشن کے وسیع اتحاد کے لئے کام کریں گے۔ کئی دنوں سے ایسی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ ترنمول کانگریس کی سربراہ اور مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کا نام آئندہ صدر جمہوریہ الیکشن میں مشترکہ اپوزیشن امیدوار کے طور پر پیش کریں گی۔
یشونت سنہا نے ٹوئٹ کیا، ’ممتا جی نے جو احترام مجھے ترنمول کانگریس میں دیا، میں اس کے لئے ان کا شکر گزار ہوں۔ اب وقت آگیا ہے کہ جب اپوزیشن کے وسیع تراتحاد کے قومی مقاصد کے لئے مجھے پارٹی سے الگ ہونا پڑے گا۔ مجھے یقین ہے کہ وہ (ممتا) اس کی اجازت دیں گی‘۔
ملک میں 18 جولائی کو ہونے والے صدر جمہوریہ عہدے کے الیکشن کے واسے اپنے مشترکہ امیدوار پر فیصلہ کرنے کے لئے اپوزیشن جماعتوں کی منگل کو دہلی میں میٹنگ ہونے والی ہے۔ سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا نے منگل کی صبح ایک ٹوئٹ پوسٹ کیا، جس سے ان کے 18 جولائی کو ہونے والے صدر جمہوریہ الیکشن کے لئے اپوزیشن کے امیدوار کے طور پر غوروخوض کئے جانے کی قیاس آرائیوں کو تقویت مل سکتی ہے۔
قیاس آرائیوں کے درمیان ’ہندوستان ٹائمس‘ کے ذریعہ پوچھے جانے پر یشونت سنہا نے کہا کہ وہ اپنے ٹوئٹ سے آگے نہیں جانا چاہتے۔ حالانکہ ذرائع نے مشورہ دیا ہے کہ انہیں اپوزیشن کی پسند کے طور پر اعلان کئے جانے کا امکان ہے۔ یشونت سنہا، جنہوں نے ہندوستان کے وزیر خزانہ اور وزیر خارجہ کے طور پر کام کیا ہے، ترنمول کانگریس کے نائب صدر رہے ہیں۔ انہوں نے 2018 میں بی جے پی چھوڑ دی تھی۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔