وزیر اعلی کی رہائش کا گھیراؤ کرے گی یوتھ کانگریس

ویاپم گھوٹالہ پر ہنگامہ آرائی کے دوران آج مدھیہ پردیش اسمبلی کے مانسون اجلاس کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی گئی ہے

Jul 22, 2015 11:31 PM IST | Updated on: Jul 22, 2015 11:32 PM IST
وزیر اعلی کی رہائش کا گھیراؤ کرے گی یوتھ کانگریس

بھوپال : ویاپم گھوٹالہ پر ہنگامہ آرائی کے دوران آج مدھیہ پردیش اسمبلی کے مانسون اجلاس کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی گئی ہے ، جبکہ اس معاملے پر وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کے استعفی کے مطالبے کے لئے یوتھ کانگریس نے ان کی رہائش گاہ گھیراؤ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے ميں آج ایوان کی کارروائی غیر متعینہ مدت کے لئے مؤخر کئے جانے کا اعلان ہونے کے بعد ایوان کے باہر دھرنا پر بیٹھے اپوزیشن لیڈر ستیہ دیو کٹارے نے کل وزیر اعلی کی رہائش کا گھیراؤ کرنے اطلاع دی ۔ ایوان کی کارروائی ملتوی ہونے کے بعد اپوزیشن لیڈر سمیت کانگریس کے متعدد اراکین ایوان کے باہر دھرنا پر بیٹھ گئے ہیں۔ کانگریس کے اراکین ویاپم گھوٹالے میں وزیر اعلی شیورا ج سنگھ چوہان کے مبینہ رول کی وجہ سے ان کے استعفی کا مطالبہ کررہے ہيں۔ دھرنا پر بیٹھے مسٹر کٹارے نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ کل یوتھ کانگریس کے کارکنان وزیر اعلی کے استعفی کے مطالبے پر ان کی سرکاری رہائش گاہ پر گھیراؤ کریں گے۔ کانگریس کے تمام ایم ایل اے اس تحریک میں ان کا ساتھ دیں گے۔ حزب اختلاف کے لیڈر نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جب تک وزیر اعلی اپنے عہدے پر فائز ہیں، تب تک ویاپم گھوٹالے کی منصفانہ جانچ ممکن نہيں ہے، کیونکہ وہ اس معاملے سے متعلق ثبوتوں کو مٹانے اور گواہوں کو دبانے کی کوشش کررہے ہيں۔ اس لئے سچائی سامنے لانے کے لئے ان کا استعفی دینا ضروری ہے۔ تقریبا آدھے گھنٹے تک جاری رہنےوالےاس دھرنا میں اپوزیشن لیڈر مسٹر کٹارے کے علاوہ حزب اختلاف کے ڈپٹی لیڈر بالا بچن، کانگریس کے سینئر لیڈر اجے سنگھ، گوبند سنگھ، مکیش نائک، جیتو پٹواری سمیت متعدد دیگر ایم ایل اے بھی موجود تھے۔ 

Loading...

Loading...