ہوم » نیوز » No Category

دہلی فسادات معاملہ میں ماخوذ دو ملزمین کی دہلی ہائی کورٹ سے ضمانت منظور

مولانا ارشد مدنی نے دوملزمین کی ضمانت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت کی ابتدا سے کوشش رہی ہے کہ کوئی مسلمان جیل کے اندر نہ رہے، اسی لئے ہم نے دہشت گردی کے الزام میں گرفتارمسلم نوجوانوں کا مقدمہ مضبوطی سے لڑکر درجنوں نوجوانوں کو بری کروایا ہے اوردہلی فسادات کے ملزمین کی ضمانت اور عدالت سے بری ہونے تک جمعیت کی کوشش جاری رہے گی ۔

  • Share this:
دہلی فسادات معاملہ میں ماخوذ دو ملزمین کی دہلی ہائی کورٹ سے ضمانت منظور
دہلی فسادات معاملہ میں ماخوذ دو ملزمین کی دہلی ہائی کورٹ سے ضمانت منظور ۔ فائل فوٹو

جمعیتِ علماء ہند کی کوششوں سے دہلی فساد میں مبینہ طور پرماخوذ دو ملزموں کی ضمانت کے ساتھ ضمانت حاصل کرنے والے ملزمین کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے۔ دہلی فسادات معاملہ میں گرفتار دو ملزمین ریحان احمد اور ارشد قیوم کو دہلی ہائی کورٹ نے مشروط ضمانت پرر ہا کئے جانے کے احکامات جاری کئے ۔ ان ملزمین کو ایف آئی آر نمبر 117/20 پولس اسٹیشن دیال پور مقدمہ میں ضمانت پر رہائی ملی ہے ۔جمعیت علما ہند کی جانب سے ملزمین کی پیروی ایڈوکیٹ ظہیر الدین بابر چوہان او ر ان کے معاونین وکلا ایڈوکیٹ دنیش و دیگر نے کی ۔ ملزمین پر تعزیرات ہند کی دفعات 147,148,149,436, 427 اور پی ڈی پی پی ایکٹ کی دفعہ 3,4 کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا تھا اور ملزمین گذشتہ تین ماہ سے زائد عرصہ سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے تھے ۔


اس سے قبل 7 اکتوبرکو بھی دہلی ہائی کورٹ نے جمعیت علماء ہند کی جانب سے داخل کردہ عرض داشت پر دہلی فساد کے اہم ملزم بتائے گئے طاہر حسین کے ساتھی ارشاد احمد کو بھی ضمانت پر رہا کئے جانے کے احکامات جاری کئے تھے ۔ دہلی ہائی کورٹ کے جسٹس سریش کمار کیت نے اپنے حکم میں کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر گواہوں کے بیانات سے ایسا لگتا ہے کہ ملزم کو غلط پھنسایا گیا ہے ۔ نیز اس معاملہ میں ٹرائل ختم ہونے میں وقت لگے گا ۔ لہذا ملزمین کو پچیس ہزار روپے کہ ذاتی مچلکہ اور ایک ضامن دار کی عوض پر ضمانت پر رہا کیا جائے ۔


دہلی ہائی کورٹ سے ایک جانب جہاں ملزمین کو ضمانت حاصل ہوئی ہے وہیں کڑکڑڈوما سیشن عدالت کے جج ونود یادو نے سرکاری وکیل کی سخت مخالفت کے باوجود ملزمین محمد ریحان ، محمد عابد ، محمد شاداب ، راشد سیفی ، ارشد قیوم مونو کو ایف آئی آر نمبر 80/20 دیال پور مقدمہ میں مشروط ضمانت پر رہا کئے جانے کے احکامات جاری کیئے۔


اب تک آٹھ ملزموں کی ہو چکی ہے ضمانت

اس معاملے میں ابتک آٹھ ملزمین کی ضمانت منظور ہوچکی ہے ۔ واضح رہے کہ دہلی فسادات کے ملزمین اور ان کے اہل خانہ کی جانب سے قانونی امداد کی درخواست موصول ہونے کے بعد جمعیۃ علما دہلی کے جنرل سیکریٹری مفتی عبدالرازق نے علاقے کا سروے کرکے درجنوں وکلا سے ملاقات کرنے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کی ، جس کے بعد صدر جمعیت علما ہند  مولانا سید ارشد مدنی نے سینئر ایڈوکیٹ بابر چوہان کی قیادت میں وکلاء کا ایک پینل تشکیل دی جس نے ملزمین کے مقدمات کی فائلیں ترتیب دینے کے ساتھ ملزمین کی ضمانت عرضیاں داخل کرنا شروع کردی ہیں۔

مولانا ارشد مدنی نے کیا خیر مقدم

مولانا ارشد مدنی نے دوملزمین کی ضمانت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت کی ابتدا سے کوشش رہی ہے کہ کوئی مسلمان جیل کے اندر نہ رہے، اسی لئے ہم نے دہشت گردی کے الزام میں گرفتارمسلم نوجوانوں کا مقدمہ مضبوطی سے لڑکر درجنوں نوجوانوں کو بری کروایا ہے اوردہلی فسادات کے ملزمین کی ضمانت اور عدالت سے بری ہونے تک جمعیت کی کوشش جاری رہے گی اور ہمارے وکلا کی ٹیم اس سلسلہ میں نہایت تندہی کے ساتھ اس کام میں لگے ہوئے ہیں ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Oct 12, 2020 11:55 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading