بنگال میں قومی یکجہتی کے تانے بانے کو کمزور نہیں ہونے دیا جائے گا: ممتابنرجی

ہندوستانی مسلمان اپنے ایمان اور ملک دونوں کی حفاظت سے کبھی بھی دستبردار نہیں ہوسکتا ہے ۔

Jul 19, 2015 04:08 PM IST | Updated on: Jul 19, 2015 04:11 PM IST
بنگال میں قومی یکجہتی کے تانے بانے کو کمزور نہیں ہونے دیا جائے گا: ممتابنرجی

کولکاتہ۔ ہندوستانی مسلمان اپنے ایمان اور ملک دونوں کی حفاظت سے کبھی بھی دستبردار نہیں ہوسکتا ہے ۔ کلکتہ شہر کے ریڈروڈ میں عید کی نماز کے موقع پر دو لاکھ سے زائد افراد سے خطاب کرتے ہوئے امام عیدین مولانا قاری فضل الرحمن نے کہا کہ مسلمانوں کو عقیدہ کی طاقت سے محروم کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوسکتی ہے ۔مسلمانوں نے اس ملک میں عقیدے اور ملک کی سالمیت کی حفاظت کیلئے ہمیشہ جان کی بازی لگائی ہے اور مستقبل میں اس کیلئے کمر بستہ ہیں۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بھی اس موقع پر مسلمانوں کو مبارک باد دینے کیلئے موجود تھیں ۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے نماز عید کے بعد اپنی خطاب میں کہا کہ عید الفطر کا عظیم تہوار یکجہتی اور بھائی چارہ کا تہوار ہے ۔انہوں نے کہا کہ مغربی بنگا ل قومی یکجہتی کا مرکز رہا ہے ۔یہاں بھائی چارہ کا ماحول ہمیشہ سے رہا ہے ۔اس ماحول کو نقصان پہنچانے والوں کو بخشا نہیں جائے گا ۔ مولانا قاری فضل الرحمن نے تشویش ظاہر کرتےہوئے کہا کہ ایک طرف مسلمانوں کو عقیدہ کی آزادی سے محروم کرنے کی سازش کی جارہی ہے ، تعلیم کا بھگوا کرن کیا جارہا ہے تو دوسری طرف ملک بھر میں مسلمانوں کے درمیان مسلکی اختلافات کی وجہ سے آپس میں دست گریباں ہونے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے ۔

Loading...

Loading...