ہوم » نیوز » No Category

مہاراشٹر میں 400 سے زیادہ پولیس اہلکار کورونا مثبت پائے گئے ، 100 کا تعلق ممبئی پولیس سے

ممبئی پولس میں زیادہ کورونا کیس سامنے آنے کے بعد ممبئی پولس کمشنر پرم بیر سنگھ بھی فکر مند ہیں اور محکمہ میں تشویش پائی جارہی ہے ۔

  • Share this:
مہاراشٹر میں 400 سے زیادہ پولیس اہلکار کورونا مثبت پائے گئے ، 100 کا تعلق ممبئی پولیس سے
علامتی تصویر

مہاراشٹر میں عوام کے ساتھ پولیس اہلکار بھی بڑے پیمانے پر کورونا سے متاثر ہورہے ہیں ۔ مہاراشٹر میں 400 سے زیادہ پولیس اہلکار کورونا مثبت پائے گئے ہیں ، جبکہ مہاراشٹر کے چار سو پولیس اہلکاروں میں سے ممبئی سے تعلق رکھنے والے پولیس اہلکار سو سے زیادہ اس فہرست میں شامل ہیں ۔ اسی طرح مہاراشٹر سمیت ممبئی میں پولیس پرکورونا کا حملہ اب بڑھتا جارہا ہے۔ ممبئی کے جے جے پولس اسٹیشن کے 12 پولس اہلکار اور افسران کو کورونا مثبت پایا گیا ہے ، جس میں ایک اعلی افسر ڈی سی پی بھی شامل ہیں ۔ جس کے بعد 6  افسر اور 40 اہلکاروں کو کوارنٹائن کردیا گیا ہے جبکہ 18 اہلکار 55  سال کے ہیں ۔ انہیں فوری طور پرتعطیل پر بھیج دیا گیا ہے ۔ اس کی تصدیق آج ڈی سی پی زون سنگرام نشاندار نے کی ہے  ۔


پولس اہلکاروں میں مسلسل کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب پولس محکمہ میں بھی دہشت پائی جارہی ہے ۔ ناگپاڑہ میں بھی اس سے قبل پولس اہلکاروں کوکورونا پازیٹیو پایا گیا تھا ۔ پولس اہلکاروں کی موت کے بعد عمر دراز اہلکاروں کو ڈیوٹی سے بھی مستثنی رکھنے کا فرمان پولس کمشنر پرم بیر سنگھ نے جاری کیا ہے ۔ ممبئی پولس اسٹیشنوں میں مسلسل پولیس اہلکاروں کے کورونا مثبت پائے جانے کے بعد پولس اسٹیشنوں میں اب خوف کاماحول ہے ، جبکہ کئی پولس کانسٹیبل نے کورونا کو شکست بھی دی ہے اور وہ صحت یاب ہو کر واپس آئے ہیں ۔


پولیس کے کورونا متاثر ہونے کی وجہ سے پولس اسٹیشنوں میں کم عملہ میں کام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ جبکہ پہلے ہی پولس اسٹیشنوں سے عمردراز اہلکاروں کو چھٹی دیدی گئی ہے ۔ پولس محکمہ کے لئے یہ انتہائی تشویشناک عمل ہے ، کیونکہ ڈاکٹر کے بعد پولس  کی ایک بڑی تعدا د بھی کورونا متاثر پائی گئی ہے ۔ پولس اسٹیشنوں میں کورونا وائرس کا خوف صاف نظر آتا ہے ۔ جے جے میں کورونا وائرس سے متاثرین اہلکاروں اور افسران کے بعد دیگر پولیس اسٹیشنوں میں بھی طبی انتظامات کا پولس کمشنر نے جائزہ لیا ۔ جے جے پولس اسٹیشن میں 6 افسر اور 6 اہلکار کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں ۔ حفظ ما تقدم کے طور پر 48 کو کوارنٹائن کردیا گیا ہے ۔ پولس کے ایک اعلی افسر ڈی سی پی بھی کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں ، جس کی اطلاع معتبر ذرائع نے دی ہے ۔


ممبئی پولس میں زیادہ کورونا کیس سامنے آنے کے بعد ممبئی پولس کمشنر پرم بیر سنگھ بھی فکر مند ہیں اور محکمہ میں تشویش پائی جارہی ہے کہ کورونا کے خلاف جنگ میں سڑک پر مامور پولس والے ہی اب اس کا شکار ہو رہے ہیں ، اس سے حفاظت کےلئے پولس اہلکاروں اور افسران کو قوت مدافعت بڑھانے کے لئے گولیاں بھی دی جارہی ہیں ۔ تاکہ پولس والے اس وبا سے محفوظ رہ سکیں ۔
First published: May 06, 2020 12:11 AM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading