مچھلی پٹنم کے دو عازمین کی مکہ معظمہ کے قبرستان میں تدفین

حیدرآباد۔ مچھلی پٹنم ضلع کرشنا آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے دو عازمین حج محمد عبدالقادر اور ان کی اہلیہ محترمہ فاطمہ بیگم کی تدفین کل شب بعد نماز عشأمکہ معظمہ کے قبرستان میں عمل میں آئی۔ قبل ازیں حرم شریف میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔

Sep 15, 2015 11:14 PM IST | Updated on: Sep 15, 2015 11:14 PM IST
مچھلی پٹنم کے دو عازمین کی مکہ معظمہ کے قبرستان میں تدفین

حیدرآباد۔  مچھلی پٹنم ضلع کرشنا آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے دو عازمین حج محمد عبدالقادر اور ان کی اہلیہ محترمہ فاطمہ بیگم کی تدفین کل شب بعد نماز عشأمکہ معظمہ کے قبرستان میں عمل میں آئی۔ قبل ازیں حرم شریف میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔

پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل افسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ان عازمین کاجمعہ کی شام حرم شریف میں پیش آئے حادثہ میں انتقال ہوا۔ اس دوران آندھرا پردیش کے وزیراعلی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ان مہلوک عازمین کے لئے فی کس تین لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا اور اس حکم کی ایک نقل اسپیشل مسینجر کے ذریعہ اسپیشل افسر حج کمیٹی کو روانہ کی۔

Loading...

اسپیشل افسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی قونصل جنرل جدہ بی ا یس مبارک اور چیف ایکزیکٹیو افسر مرکزی حج کمیٹی عطا الرحمٰن سے مسلسل ربط میں ہیں اور دونوں ریاستوں تلنگانہ و آندھرا پردیش کے عازمین کی خیر خیریت دریافت کررہے ہیں۔

انہو ں نے ان مرحومین کی تدفین کے تعلق سے بھی تیز تر کارروائی کرنے کی بات چیت کی‘ اور مکہ معظمہ میں موجود خادم الحجاج کو بھی پابند کیا کہ وہ تمام ضروری کارروائیوں کی عاجلانہ تکمیل کی کوشش کریں تاکہ تدفین جلد سے جلد عمل میں لائی جاسکے۔

انہو ں نے تلنگانہ کے نائب وزیراعلی محمد محمود علی‘ وزیر اقلیتی بہبود آندھرا پردیش پلے رگھوناتھ ریڈی کے علاوہ آندھرا پردیش کے سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود شیخ محمد اقبال اور سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود حکومت تلنگانہ سید عمر جلیل کو تمام تفصیلات سے واقف کروایا۔اس دوران حج کمیٹی نے مچھلی پٹنم کے ساکن عبدالقادر کو حج کے لئے روانہ کرنے کی کارروائی کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ ویزا انڈارسمنٹ کیلئے ممبئی روانہ کردیا ہے۔

قونصل جنرل جدہ نے بھی اس معاملہ میں خصوصی کارروائی کرنے کی سفارش کی ہے۔ اس دوران بودھن ضلع نظام آباد کے عازم حج احمد علی کے فرزند شیخ افتخار احمد کی مکہ روانگی کا انتظام بھی مکمل کرلیا گیا اور اندرون تین گھنٹے ان کا نیا پاسپورٹ جاری کروایا گیا۔

Loading...