میانک اگروال کو ملی ریسٹ آف انڈیا کی کپتانی، سب سے زیادہ وکٹ لینے والے جلج اور شمس ٹیم میں نہیں
میانک اگروال کو ملی ریسٹ آف انڈیا کی کپتانی، سب سے زیادہ وکٹ لینے والے جلج اور شمس ٹیم میں نہیں
جلج سکسینہ 50 اور شمس ملانی 46 وکٹ کے ساتھ اس سیزن میں سب سے زیادہ وکٹ لینے کے معاملے میں پہلے اور دوسرے مقام پر تھے، لیکن دونوں کو ہی ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے۔
ایرانی کپ میں مدھیہ پردیش کے خلاف ریسٹ آف انڈیا کی ٹیم کی کمان ہندوستان کے بلے باز میانک اگروال کو دی گئی ہے۔ یکم مارچ سے گوالیار کے کیپٹن روپ سنگھ اسٹیڈیم میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں سرفراز خان نہیں کھیلیں گے۔ وہ انگلی کی چوٹ کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں۔ سرفراز خان بائیں ہاتھ کی انگلی میں فریکچر کی وجہ سے سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں تھے۔ سلیکشن کمیٹی نے ان کی جگہ بابا اندرجیت کو 16 رکنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔
میانک اگروال نے حال ہی میں ختم ہوئے رنجی ٹرافی میں سب سے زیادہ رن بنائے تھے۔ انہوں نے 13 اننگز میں 249 کے ریکارڈ اسکور کے ساتھ 990 رن بنائے تھے۔ اگروال آخری مرتبہ مارچ 2022 میں سری لنکا کے خلاف ٹسٹ میں ہندوستان کے لیے کھیلے تھے اور تب سے قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔ رنجی کے شاندار سیزن کے بعد اگروال کی نظریں ٹیم انڈیا میں واپسی پر ہیں۔ ایرانی کپ کا مقابلہ پہلے اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں ہونا تھا، لیکن ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹسٹ میچ دھرم شالہ کے بجائے اندور کو ملنے کے بعد ایرانی کپ گوالیار منتقل کردیا گیا ہے۔ گوالیار میں چھ سال بعد فرسٹ کلاس میچ کھیلا جائے گا۔
سوراشٹرا کی چمپئن ٹیم کے صرف دو ارکان کو ریسٹ آف انڈیا کی ٹیم میں منتخب کیا گیا۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز چیتن سکاریا اور وکٹ کیپر اوپنر ہاروک ڈیسائی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ دہلی کے ساکریا، نودیپ سینی، اور بنگال کے مکیش کمار اور آکاش دیپ ٹیم کے تیز گیند باز ہیں۔ ہندوستان اے کے بنگلہ دیش کے دورے کے دوران پیٹ میں تکلیف کے بعد سینی واپسی کریں گے۔ ٹیم میں واحد سیم-بولنگ آل راؤنڈر بڑودہ کے آتیتھ شیٹھ ہیں۔
جلج سکسینہ 50 اور شمس ملانی 46 وکٹ کے ساتھ اس سیزن میں سب سے زیادہ وکٹ لینے کے معاملے میں پہلے اور دوسرے مقام پر تھے، لیکن دونوں کو ہی ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے۔ ایس ایس داس، ایس شرتھ، سلیل انکولہ اور سبرتو بنرجی کی سلیکشن کمیٹی نے اترپردیش کے بائیں ہاتھ کے اسپنر سوربھ کمار اور پنجاب کے لیگ اسپنر میانک مارکنڈے کو ٹیم میں منتخب کیا ہے۔
Published by:Shaik Khaleel Farhaad
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔