سری نگر سے حج پروازیں 17 اگست سے شروع ہوں گی

جموں وکشمیر کی گرمائی دارالحکومت سری نگر سے عازمین حج کا پہلا قافلہ17 اگست کو سعودی عربیہ کے لئے روانہ ہوگا۔

Aug 05, 2015 09:56 PM IST | Updated on: Aug 05, 2015 09:56 PM IST
سری نگر سے حج پروازیں 17 اگست سے شروع ہوں گی

سری نگر :  جموں وکشمیر کی گرمائی دارالحکومت سری نگر سے عازمین حج کا پہلا قافلہ17 اگست کو سعودی عربیہ کے لئے روانہ ہوگا۔ وزیر برائے حج و اوقاف عبدالرحمان ویری نے متعلقہ افسروں کو عازمین حج کے لئے آرام دہ قیام اور سفر کے انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔وزیر موصوف نے یہ ہدایت آج یہاں عازمین حج کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لینے کے لئے طلب کی گئی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے دی۔ انتظامات کا جائیزہ لیتے ہوئے مسٹر ویری جو کہ ریاستی حج کمیٹی کے وائس چیرمین بھی ہیں، نے عازمین حج کے لئے سفر کے دوران اور سعودی عربیہ میں قیام کے دوران ضروری سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے متعلقہ ایجنسیوں کو عازمین حج کو بہتر سہولیات بہم رکھنے کے لئے قریبی تال میل بنائے رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے ایگزیکٹو افسر کو عازمین حج کو بہتر سہولیات بہم پہنچانے کے لئے ایک مکمل لائحہ عمل اپنانے کی ہدایت دی۔

وزیر موصوف نے متعلقہ افسروں کو حج کمپلیکس کے گرد و نواح میں صحت و صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی تا کہ عازمین حج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔میٹنگ کے دوران وزیر موصوف کو ریاست کے عازمین حج کے لئے متعدد ایجنسیوں کی جانب سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ عازمین حج کے لئے پروازیں17 اگست سے اُڑان بھریں گی ۔17 سے لے کر 21 اگست تک سری نگر اور مدینہ شریف کے درمیان دن میں دو پروازیں اڑان بھریں گی جب کہ اگست22 سے31 اگست تک روانہ ایک پرواز اڑان بھرے گی۔ہرپرواز 340 عازمین پر مشتمل ہوگی۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ اس سال ریاست سے6684 عازمین حج سفر محمود کے لئے روانہ ہوں گے۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ عازمین کے ٹیکہ جات کے عمل کو پہلے ہی مکمل کیا گیا ہے۔ اس دوران عازمین حج کو جموں سے سری نگر لانے کے لئے ٹرانسپورٹ سے متعلق معاملات اور حج ہاؤس میں ان کے رہنے کے انتظامات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

Loading...

Loading...