قومی سطح پر یہ گروپ انجام دیتا تھا بیحد ہی گھٹیا کام، پولیس نے کیا گرفتار
پولیس نے اس گروہ کے دو اہم ملزموں سمیت تین مقامی ملزموں کو گرفتار کرکے اس معاملے میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔
- news18 Urdu
- Last Updated: Apr 04, 2021 08:56 PM IST

پولیس نے اس گروہ کے دو اہم ملزموں سمیت تین مقامی ملزموں کو گرفتار کرکے اس معاملے میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔
ملک بھر میں ڈکیتی کی واردات انجام دینے والے خطرناک ڈکیتوں کے گروہ کو مہاراشٹر کی چندر پور پولیس نے اترپردیش کے بدایوں سے گرفتار کیا ہے ۔ چندر پور پولیس نے اس گروہ کے دو اہم ملزموں سمیت تین مقامی ملزموں کو گرفتار کرکے اس معاملے میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ پولیس سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مذکورہ گروہ خاص طور پر بینکوں اور اے ٹی ایم میں ڈکیتی کی وارداتوں کو انجام دیتا تھا۔ گرفتاری کے بعد پولیس نے ان سے بڑی تعداد میں نقدی ، سونا اور چاندی برآمد کی ہے جس کی قیمت تقریباً ایک کروڑ سات لاکھ بتائی جا رہی ہے۔
چندر پور کے تیمورڈا گاؤں میں بینک آف مہاراشٹر میں ہوئی ڈکیتی کی تحقیقات کے دوران ملک بھر میں ڈکیتی کی متعدد وارداتیں انجام دینے والے اس گروہ کا پردہ فاش ہوا ہے۔ پولیس نے ان ملزمین کے پاس سے اے ٹی ایم اور بینک توڑنے کے لئے استعمال کئے گئے ہتھیار، آکسیجن سلنڈر ، گیس کٹر ، سونے کی گنتی کی مشین و دیگر ہتھیاروں کے ساتھ ایک گاڑی بھی برآمد کی ہے۔ پولیس کے مطابق اسی گروہ نے حال ہی میں آندھرا پردیش میں بھی ڈکیتی کی ایک بڑی واردات انجام دی ہے اور یہ گروہ گیس کٹر کی مدد سے بینک اور اے ٹی ایم کو توڑنے میں ماہر ہے۔

وہیں اس دوران ملزمین اور پولیس کے مابین ایک جھڑپ میں دو پولیس افسران بھی زخمی ہوئے۔ ککرالہ گاؤں کے رہنے والے دونوں شاطر ڈکیتوں نواب الحسن اور دانویرسنگھ کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ پولیس کی کارروائی میں ڈکیتی کے اہم ملزم کے گھر سے تقریبا تین کلو سونا برآمد ہوا پولیس کی پوچھ گچھ کے بعد اس ڈکیتی سے منسلک دیگر تین دیگر ملزمان کو مہاراشٹر کے گوندیا سے گرفتار کیا گیا ہے ساتھ ہی ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران ملزمین نے مجموعی طور پر ڈکیتی کی 11 واردات کو انجام دینے کی بات قبول کی ہے۔