انڈیا بمقابلہ نیوزی لینڈ : وراٹ کے چھکے سے ٹیم انڈیا نے جیتا میچ ، دھونی نے توڑا ایلن بارڈر کا ریکارڈ

ون ڈے سیریز کے پہلے مقابلے میں ٹیم انڈیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Oct 16, 2016 01:44 PM IST | Updated on: Oct 16, 2016 08:05 PM IST
انڈیا بمقابلہ نیوزی لینڈ  : وراٹ کے چھکے سے ٹیم انڈیا نے جیتا میچ ، دھونی نے توڑا ایلن بارڈر کا ریکارڈ

دھرم شالہ : ون ڈے سیریز کے پہلے مقابلے میں ہاردک پانڈیا اور امت مشرا کی شاندار گیند بازی کے بعد وراٹ کوہلی کی شاندار اننگز کی بدولت ٹیم انڈیا نے نیوزی لینڈ کو چھ وکٹ سے میچ ہرادیا ہے ۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیت کیلئے 191 رنوں کے ہدف ٹیم انڈیا نے 33.1 اوورس میں چار وکٹ کھوکر پورا کرلیا ۔  ہدف کا تعاقب کرنے اتری ٹیم انڈیا کی شروعات کافی اچھی رہی ۔ تاہم 49 کے مجموعی اسکور پر ٹیم انڈیا کو روہت شرما کی شکل میں پہلا جھٹکا ۔ روہت شرما نے 14 رن بنائے ۔ روہت شرما کے آوٹ ہونے کے بعد اجنکیا رہانے بھی پویلین لوٹ گئے اور اس طرح جلد ہی ٹیم انڈیا کو دوسرا جھٹکا لگ گیا ۔ رہانے نے دو چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 33 رن بنائے ۔

مکمل اسکور کارڈ دیکھنے کیلئے یہاں کلک کریں ۔ 

Loading...

رہانے کے بعد منیش پانڈے اور کوہلی نے ٹیم انڈیا کی اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کے اسکور کو 100 رن سے پار کرایا ۔ مگر پانڈے بہت زیادہ دیر تک کریز پر نہیں رہ سکے اور وہ 17 رن بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ ٹیم انڈیا کو تیسرا جھٹکا 102 رن کے مجموعی اسکور پر لگا ۔ دوسری طرف وراٹ کوہلی نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کرلی ہے  ۔ کوہلی نے پانچ چوکوں کی مدد سے 55 گیندوں پر نصف سنچری پوری کی ۔ کپتان دھونی نے بھی کچھ اچھے شارٹ لگائے ، مگر وہ آخر تک کریز پر رہ کر میچ ختم نہیں کرسکے بلکہ پہلے ہی 21 رن بناکر آوٹ ہوگئے ۔  تاہم انہوں نے آج ایلن بارڈر کا ریکارڈ توڑدیا ۔

ٹیسٹ ٹیم کپتان وراٹ کوہلی آخر تک ناٹ آوٹ رہے ۔ انہوں نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم انڈیا کو ایک چھکا کے ساتھ جیت دلائی اور سیریز میں صفر ایک کی برتری بھی حاصل کی ۔ کوہلی نے 81 گیندوں پر ایک چھکا اور 9 چوکوں کی مدد سے 85 رن بنائے ۔ کیدار جادو 10 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ نیوزی لینڈ کی طرف  سے بریس ویل ، نیشم اور سوڈھی نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔

اس سے قبل ٹاس کر پہلے بلے کرنے اتری نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 43.5 اوورس میں 190 رن بناکر آوٹ ہوگئی ۔ لاتھم اور ٹم ساوتھی کے علاوہ نیوزی لینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی کچھ خاص نہیں کرسکا ۔ نیوزی لینڈ کو پہلا جھٹکا اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہاردک پانڈیا نے میچ دوسرے ہی اوورس میں دیا  ۔ پانڈیا نے مارٹن گپتل کو روہت شرما کے ہاتھوں کیچ کرواکر پویلین کی راہ دکھائی ۔ گپتل نے 11 گیندوں پر 12 رن بنائے ۔ گپتل کے بعد ولیمسن کریز پر آئے ، مگر وہ بھی زیادہ کچھ نہیں کرسکے اور اگلے ہی اوور میں ولیمسن امیش یادو کا شکار ہوگئے ۔ ولیمسن نے صرف تین رن بنائے ۔

ولیمسن کے آوٹ ہونے کے بعد ٹیلر میدان پر آئے ، مگر وہ بھی کچھ خاص نہیں کرسکے اور امیش یادو نے انہیں دھونی کے ہاتھوں وکٹ کے پیچھے کیچ کرایا ۔ ٹیلر صفر پر آوٹ ہوگئے ۔ٹیلر کے بعد کوری اینڈرسن آئے وہ بھی صرف چار رن ہی بناکر پانڈیا کا شکار ہوگئے ۔ تیز گیند باز امیش یادو نے اینڈرسن کا ایک شاندار کیچ پکڑا اور پویلین کی راہ دکھائی ۔اس کے بعد جلد ہی رونچی بھی پویلین لوٹ گئے ۔ رونچی اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے ۔ پانڈے نے انہیں اپنا شکار بنایا ۔ اس طرح نیوزی لینڈ کی آدھی ٹیم 48 کے مجموعی اسکور پر ہی پویلین لوٹ گئی ۔

رونچی کے آوٹ ہونے کے بعد نیشم کریز پر آئے اور انہوں نے نیوزی لینڈ کی اننگز کی سنبھالنے کی کوشش کی ۔ تاہم وہ بھی زیادہ دیر تک میدان پر نہیں رک سکے اور 10 رن بناکر کیدار جادو کا شکار بن گئے ۔ نیشم کے آوٹ ہونے کے بعد اگلی ہی گیند پر  کیدار جادو نے سینٹنر کو بھی پویلین کی راہ دکھادی ۔ وہ اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے ۔

تاہم اس کے بعد بریس ویل اور لاتھم نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی ۔ دنوں نے 41 رنوں کی شراکت داری کی ۔ مگر بریس ویل زیادہ دیر تک نہیں کھیل سکے اور وہ امت مشرا کا شکار بن گئے ۔ بریس ویل نے 15 رن بنائے  اور 106 رنوں کی مجموعی اسکور پر نیوزی لینڈ کو آٹھواں جھٹکا لگا۔

بریس ویل کے آوٹ ہونے کے بعد ٹم ساوتھی نے شاندار بلے بازی کی اور تیز رفتاری سے رن بنائے اور نیوزی لینڈ کی ٹیم کو استحکام بخشنے کی کوشش کی ۔ مگر آخری تک کریز پر نہیں رک سکے اور امت مشرا کا شکار بن گئے ۔ ٹم ساوتھی نے 45 گیندوں پر تین چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 55 رن کی اننگز کھیلی اور لاتھم کے ساتھ 71 رنوں کی اہم شراکت داری نبھائی ۔ 177 کے مجموعی اسکور پر نیوزی لینڈ کا نواں جھٹکا لگا ۔

ساوتھی کے آوٹ ہونے کے بعد لاتھم نے کچھ شاندار شارٹس لگائے اور ٹیم کے اسکور کو تیز رفتار سے آگے بڑھانے کی کوشش کی  ۔ مگر نیوزی لینڈ کے آخری کھلاڑی سوڈھی ان کا زیادہ دیر تک ساتھ نہیں دے سکے اور وہ آوٹ ہوگئے ۔ سوڈھی کو امت مشرا نے آوٹ کیا ۔ سوڈھی نے صرف ایک رن بنایا ۔ دوسری طرف نیوزی لینڈ کے سلامی بلے باز لاتھم آخر تک ناٹ آوٹ رہے اور انہوں نے 79 رن بنائے ۔

ہندوستان کی طرف سے ہاردک پانڈیا اور امت مشرا نے تین تین وکٹ جھٹکے جبکہ کیدار جادو اور امیش یادو نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ بمبرہ کو کوئی بھی وکٹ نہیں ملی ۔

اس سے قبل خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ خیال رہے کہ یہ میچ ٹیم انڈیا کا 900 واں ون ڈے میچ ہے۔ اس سے پہلے ٹیسٹ سیریز میں ہندوستان نے نیوزی لینڈ ٹیم کو تین صفر سے شکست دے کر سیریز اور ورلڈ نمبر ون کی درجہ بندی حاصل کی تھی۔

میچ شروع ہونے سے قبل ہندوستان کے سابق کپتان کپل دیو نے ہاردک پانڈیا کو ون ڈے کی کیپ پہنائی۔ ہاردک اسی سال ہندوستان کے لئے انٹرنیشنل ٹی -20 کرکٹ میں قدم رکھا تھا ۔ اب انہیں ون ڈے ٹیم میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کوری اینڈرسن کی واپسی ہوئی ہے۔

Loading...