جنوبی کشمیر کے دواضلاع میں بر فانی تودے گر آنے سے 5 افراد ہلاک، 4 دیگرلاپتہ

جنوبی کشمیر کے دو اضلاع کولگام اور اننت ناگ میں برفانی تودے گر آنے کے دو الگ الگ واقعات میں کم از کم 5 افراد ہلاک جبکہ چار دیگر لاپتہ ہوگئے ہیں۔

Feb 08, 2019 07:03 PM IST | Updated on: Feb 08, 2019 07:14 PM IST
جنوبی کشمیر کے دواضلاع میں بر فانی تودے گر آنے سے 5 افراد ہلاک، 4 دیگرلاپتہ

فائل تصویر

جنوبی کشمیر کے دو اضلاع کولگام اور اننت ناگ میں برفانی تودے گر آنے کے دو الگ الگ واقعات میں کم از کم 5 افراد ہلاک جبکہ چار دیگر لاپتہ ہوگئے ہیں۔ تاہم پانچ دیگر کو بچالیا گیا ہے۔ ضلع کولگام میں سری نگر جموں قومی شاہراہ پر جواہر ٹنل کے قریب جمعرات کی شام کو ایک پولیس پوسٹ بھاری بھر کم برفانی تودے کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد زندہ دفن ہوگئے۔

تازہ اطلاعات کے مطابق 3 پولیس اہلکاروں کو زندہ بچالیا گیا ہے جبکہ 3 افرد کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ چاردیگر کی تلاش بڑے پیمانے پر جاری ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق زندہ دفن ہوئے ان 10 افراد میں 6 پولیس اہلکار، 2 فائرسروس اہلکار اور 2 قیدی شامل تھے۔ انہوں نے بتایا کہ بچاؤ کارروائیاں جاری ہیں لیکن خراب موسمی حالات کی وجہ سے کارروائیوں میں رکاوٹیں پیدا ہورہی ہیں۔

Loading...

ایس ایس پی کولگام ہرمیت سنگھ نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ برفانی تودے کی زد میں آئی عمارت میں پولیس اور فائر سروس اہلکار قیام پذیر تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے چار بجے کے قریب انہیں محفوظ مقام کی طرف جانے کی ہدایت کی۔ دس افراد جن میں بیشتر پولیس اہلکار تھے، نے ٹنل کے اندر پناہ لی لیکن دس افراد عمارت ہی میں پھنس گئے۔

انہوں نے کہا کہ پھنسے ہوئے دس افراد میں چھ پولیس اہلکار، دو فائر سروس اہلکار اور دو قیدی شامل تھے جنہیں منشیات اسمگلری کے ایک کیس میں گرفتار کیا گیا تھا اور یہ دونوں قیدی غیر ریاستی باشندے ہیں۔

انہوں نے کہا مقامی پولیس ،سی آر پی ایف اور ایس ڈی آر یف نے مشترکہ طور پر بڑے پیمانے پر بچاؤ کارروائیاں شروع کی ہیں لیکن خراب موسمی حالات سے رکاوٹیں پیدا ہورہی ہیں۔

دریں اثںا جنوبی کشمیر کے کوکر ناگ کے سنبرادی علاقے میں جمعرات کی شام کو ایک رہا ئشی مکان برفانی تودے کی زد مین آگیا جس کے نتیجے میں میاں بیوی ہلاک جبکہ دو دیگر افراد کو مقامی لوگوں اور پولیس نے زندہ باہر نکالا۔

Loading...