کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کے بعد اب اس کھلاڑی نے سیاست سے بھی کی توبہ

کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ٹیم انڈیا کے سابق کرکٹر محمد کیف نے سیاست سے بھی توبہ کرلی ہے۔

Jul 15, 2018 08:42 PM IST | Updated on: Jul 15, 2018 08:42 PM IST
کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کے بعد اب اس کھلاڑی نے سیاست سے بھی کی توبہ

محمد کیف ۔ فائل فوٹو

کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ٹیم انڈیا کے سابق کرکٹر محمد کیف نے سیاست سے بھی توبہ کرلی ہے۔ حالانکہ وہ اترپردیش میں نوجوان کھلاڑیوں کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں اور ریاست کے کرکٹ ڈھانچہ میں تبدیلی کیلئے بھی کام کرنا چاہتے ہیں۔

غور طلب ہے کہ 37 سالہ کرکٹر نے سال 2014 میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی ۔ اترپردیش کی پھولپور سیٹ پر کانگریس نے انہیں اپنا امیدوار بھی بنایا تھا ، جہاں ان کا مقابلہ ریاست کے موجودہ نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ سے تھا ۔ اپنی بلے بازی کی بدولت بڑے بڑے گیند بازوں کے چھکے چھڑانے والے کیف سیاست کی اپنی پہلی اننگز میں کلین بولڈ ہوگئے تھے ۔ الیکشن میں موریہ کو جہاں پانچ لاکھ سے زیادہ ووٹ ملے تھے ، وہیں کیف تقریبا 58 ہزار ووٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔

کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد کیف نے میڈیا سے گفتگو کی ۔ اس دوران انہوں نے میڈیا کو بتایا "بہت ہوگئی کرکٹ ، اب میں اپنے کنبہ کے ساتھ کچھ وقت گزارنا چاہتا ہوں ، حالانکہ میں ٹیم انڈیا میں تو نہیں تھا ، مگر چھتیس گڑھ رنجی ٹرافی ٹیم سے وابستہ تھا ، جس کی وجہ سے سال میں پانچ سے چھ مہینے میں گھر سے باہر رہتا تھا ، میں اپنے اہل خانہ کو بالکل بھی وقت نہیں دے پاتا تھا ، میرے بچے بہت چھوٹے ہیں ، اس وقت انہیں میری ضرورت ہے"۔

کیف نے 2019 کے عام انتخابات میں دوبارہ اپنی قسمت آزمانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا " ابھی میں کسی شعبہ میں قسمت نہیں آزما رہا ہوں ، سیاست کے بارے میں تو کبھی سوچا ہی نہیں ، ایک مرتبہ الیکشن لڑ لیا ، بس کافی ہے"۔ تاہم انہوں نے کہا " میں اترپردیش میں پیدا ہوا ہوں اور یہیں سے ہی میں نے کرکٹ سیکھی ہے ، اس لئے مستقبل میں میں جو کچھ بھی کروں گا وہ اپنی ریاست کیلئے ہی کروں گا ۔ میں مستقبل میں اپنی ریاست کے ابھرتے کھلاڑیوں کیلئے کچھ کرنا چاہوں گا" ۔

Loading...

Loading...