
الہ آباد : بابری مسجد مقدمہ کے پیرو کار ہاشم انصاری کی موت کے بعد اب ان کے بیٹے اقبال انصاری اکھاڑا پریشد سے براہ راست گفتگو کریں گے ۔ اکھل بھارتیہ اکھاڑا پریشد کے سر براہ مہنت نریندر گری نے الہ آباد میں ای ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہاشم انصاری اپنی حیات میں بابری مسجد مسئلے کا حل آپسی گفتگو کے ذریعے چاہتے تھے ۔
مہنت نریندر گری کا کہنا تھا کہ عدالت سے باہر بات چیت کے ذریعہ اس مسئلہ کو حل کرنے کی کوششیں جا ری رہیں گی ۔انہوں نے کہا کہ بابری مسجد کے موجودہ پیرو کار اقبال انصاری جلد ہی اکھاڑا پریشد کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ مہنت نریندر گری ایک بیان جاری کرتے ہوئے بی جے پی کو رام مندر کی تعمیر کو ریاستی انتخابات سے جوڑنے پر سخت تنقید کی تھی اور اپنا احتجاج درج کرایا تھا ۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے کہا تھا کہ اگر ایسا ہوا ، تو اکھاڑا پریشد بی جے پی کے خلاف تحریک چلائے گی۔