باغپت : شرپسند عناصر کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا خراب کرنے کی کوشش ، مدرسہ کی دیوار پر کالکھ پوتی ، کیس درج

Jan 22, 2018 09:11 PM IST | Updated on: Jan 22, 2018 09:11 PM IST
باغپت : شرپسند عناصر کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا خراب کرنے کی کوشش ، مدرسہ کی دیوار پر کالکھ پوتی ، کیس درج

باغپت : اترپردیش کے باغپت میں پیر کو کچھ شرپسند عناصر نے ایک مرتبہ پھر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا کو مسموم کرنے کی کوشش کی ۔ شرپسند عناصر نے ایک مدرسہ کی دیوار پر کالکھ پوت دی ، جس کی وجہ سے مسلمانوں میں غم و غصہ پایا جارہا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے نامعلوم شرپسند عناصر کے خلاف کیس درج کرلیا ہے۔

بڑوت تھانہ کے بجرول گاوں میں ایک مدرسہ پر سماج دشمن عناصر کے ذریعہ کالکھ پوتنے کا واقعہ پیش آیا ہے ۔ سماج دشمن عناصر نے مدرسہ کی دیوار پر کالکھ پوت کر بڑے بڑے حرفوں میں جاٹ دیوتا بھی لکھ دیا ۔جب مسلم سماج کے لوگوں کی نظر مدرسہ کی دیوار پر پڑی تو وہ لوگ مشتعل ہوگئے ۔

جائے واقعہ پر سینکڑوں کی تعداد میں مقامی لوگ جمع ہوگئے اور انہوں نے جم کر نعرے بازی کی اور مظاہرہ کیا ۔ ہنگامہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی پولیس نے مقامی لوگوں کے غصہ کو ٹھنڈا کیا ۔ سی او بڑوت رامانند کشواہا نے واقعہ کا جلد پتہ لگانے کی یقین دہانی کراکرمقامی لوگوں کے غصہ کو ٹھنڈا کیا۔

مدرسہ کے ایک مولانا نے بتایا کہ پہلے بھی کئی مرتبہ مدرسہ کی دیواروں پر کالکھ پوتی جاچکی ہے ۔ پہلے بھی شرپسند عناصر نے مدرسہ میں غیر مناسب لفظ لکھ کر ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی تھی ۔ گزشتہ رات نامعلوم لوگوں نے ایک مرتبہ پھر مدرسہ پر کالکھ پوت کر یہاں کی پرامن فضا کو مسموم کرنے کی کوشش کی ۔ فی الحال پولیس معاملہ کی جانچ میں مصروف ہوگئی ہے۔

Loading...

Loading...