شیعہ وقف بورڈ چیئرمین وسیم رضوی رام مندر کیلئے نہیں ، خود کو بچانے کیلئے ایودھیا آتے ہیں : اقبال انصاری

اقبال انصاری نے وسیم رضوی کی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ شیعہ وقف بورڈ چیئرمین جمعہ کو ایودھیا آتے ہیں جبکہ جمعہ کے دن انہیں اپنے گھر پر نماز پڑھنی چاہئے ، لیکن وہ جمعہ کے دن ایودھیا آکر رام للا کی پوجا ارچنا کرتے ہیں۔

Feb 02, 2018 05:32 PM IST | Updated on: Feb 02, 2018 05:32 PM IST
شیعہ وقف بورڈ چیئرمین وسیم رضوی رام مندر کیلئے نہیں ، خود کو بچانے کیلئے ایودھیا آتے ہیں : اقبال انصاری

اقبال انصاری ۔ فائل فوٹو

فیض آباد : شیعہ سینٹرل وقف بورڈ کے چیئرمین وسیم رضوی کے ایودھیا دورہ پر بابری مسجد کیس کے اہم مدعی اقبال انصاری نے طنز کیا ہے ۔ اقبال انصاری نے وسیم رضوی کی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ شیعہ وقف بورڈ چیئرمین جمعہ کو ایودھیا آتے ہیں جبکہ جمعہ کے دن انہیں اپنے گھر پر نماز پڑھنی چاہئے ، لیکن وہ جمعہ کے دن ایودھیا آکر رام للا کی پوجا ارچنا کرتے ہیں۔

اقبال انصاری نے مزید کہا کہ وسیم رضوی ایودھیا میں رام مندر کیلئے نہیں بلکہ خود کو بچانے کیلئے آتے ہیں ۔ وسیم رضوی پر الزام لگاتے ہوئے اقبال نے کہا کہ رضوی نے وقف بورڈ میں بڑے پیمانے پر گھوٹالے کئے ہیں ، جس کی سزا سے بچنے کیلئے وہ رام کا سہارا لے رہے ہیں۔ بھگوان رام ان سے خوش نہیں ہوں گے ، بھگوان رام ہم سے خوش ہیں ، کیونکہ ہم ایودھیا میں رہتے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ وسیم رضوی نے جمعہ کو ایودھیا کا دورہ کیا اور وہاں رام للا کے درشن کے بعد مندر کے اہم پجاری سے بھی ملاقات کی ۔ اس موقع پر وسیم رضوی نے متنازع بیان دیتے ہوئے کہا کہ جنہیں جہاد کرنا ہے وہ بغدادی کی فوج میں شامل ہوجائیں ۔ انہوں نے کہا کہ جو ہندوستان کو توڑنے کی بات کرتے ہیں ، انہیں افغانستان اور پاکستان چلے جانا چاہئے ۔

بابری مسجد - رام مندر تنازع کے معاملہ پر شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ انہوں نے ہم نے اپنا موقف سپریم کورٹ میں پیش کیا ہے ، کسی مولوی کے سامنے نہیں ۔وسیم رضوی نے یہ بھی کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک جیسے مولوی کی مخالفت کی جانی چاہئے ، جو ہمارے بچوں میں زہر گھول رہے ہیں ۔

Loading...

Loading...