تاج محل ہندوستانی مزدوروں کے خون اور پسینے سے تعمیر کیا گیا : وزیر اعلی یوگی ، سنگیت سوم سے وضاحت طلب

میرٹھ کے سردھنا سیٹ سے بی جے پی کے ممبر اسمبلی سنگیت سوم کے تاج محل سے متعلق دئے گئے بیان کے بعد بی جے پی بیک فٹ پر نظر آرہی ہے اور اب خود وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کمان سنبھال لی ہے۔

Oct 17, 2017 04:09 PM IST | Updated on: Oct 17, 2017 04:09 PM IST
تاج محل ہندوستانی مزدوروں کے خون اور پسینے سے تعمیر کیا گیا : وزیر اعلی یوگی ، سنگیت سوم سے وضاحت طلب

گورکھپور : میرٹھ کے سردھنا سیٹ سے بی جے پی کے ممبر اسمبلی سنگیت سوم کے تاج محل سے متعلق دئے گئے بیان کے بعد بی جے پی بیک فٹ پر نظر آرہی ہے اور اب خود وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کمان سنبھال لی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ جہاں اس سلسلہ میں وزیر اعلی نے سنگیت سوم کو فون کرکے وضاحت طلب کی ہے ، وہیں اب وہ 26 اکتوبر کو تاج محل کا دورہ بھی کرنے والے ہیں ۔

ساتھ ہی ساتھ وزیر علی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ تاج محل ہندوستانی مزدوروں کی کڑی محنت سے کھڑا ہوا ہے اور یہ ہمارے لئے انتہائی اہم ہے۔ گورکھپور کے چار روزہ دورہ کے دوران یوگی نے منگل کو کہا کہ یہ اہمیت نہیں رکھتا کہ اس کی تعمیر کس نے کرائی اور کن وجوہات کی بنیاد پر کرائی گئی ، یہ ہندوستانی مزدوروں کے خون اور پسینے سے بنایا گیا ہے۔

وزیر اعلی یوگی نے مزید کہا کہ تاج محل ہمارے لئے انتہائی اہم ہے، خاص طور پر سیاحت کے نظریہ سے یہ کافی اہمیت کا حامل ہے۔ وہاں سیاحون کیلئے سہولیات اور سیکورٹی مہیا کرانا ہماری ذمہ داری ہے۔ خیال رہے کہ بی جے پی ممبر اسمبلی سنگیت سوم نے تاج محل کو ملک کیلئے ایک دھبہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ تاریخ سے مغل حکمرانوں کو نکال کر اب یوپی میں ہندوں کی تاریخ کو پڑھایا جائے گا۔

Loading...

Loading...