دس روپے کے بھٹے کیلئے ہنگامہ ، ریہڑی والے کو گولی مار کر کی خودکشی

پولیس نے سنجیو اور جوگیندر کو اسپتال پہنچایا ، جها سنجیو کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا جبکہ جوگیندر کو ہائر سینٹر ریفر کر دیا گیا۔ جوگیندر کو بازو اور پیٹ میں گولی لگی ہے ۔ تاہم اب اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے

Jul 26, 2016 06:25 PM IST | Updated on: Jul 26, 2016 06:25 PM IST
دس روپے کے بھٹے کیلئے ہنگامہ ، ریہڑی والے کو گولی مار کر کی خودکشی

دہرادون : صرف 10 روپے کے ایک بھٹے کی وجہ سے دو خاندان بربادی کے دہانے پر پہنچ گئے اور آدمی موت کی آغوش میں چلا گیا جبکہ دوسرا زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے۔ یہ واقعہ دہرادون کے ڈالنوالا علاقہ میں پیش آیا ، جہاں دیر رات ایک ٹھیکیدار اور بھٹہ بیچنے والے کے درمیان کہا سنی نے خونیں شکل اختیار کرلی۔ 10 روپے کے ایک بھٹے کے لئے ایک کے بعد ایک ٹھیکیدار نے کئی فائر کر دئے ، جس میں بھٹا بیچنے والا شخص زخمی ہو کر زمین پر گر گیا، اس کے بعد ٹھیکیدار نے وہیں خود کو بھی گولی مار لی۔ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد جب تک پولیس موقع پر پہنچی ٹھیکیدار دم توڑ چکا تھا۔

خیال رہے کہ جوگیندر نامی شخص گزشتہ 15 برس سے دہرادون کے تھانہ ڈالنوالا علاقہ میں سائرن روڈ کے ایک چوراہے پر بھٹے بیچنے کا کام کرتا تھا۔ شام 4 بجے سے رات کو 11 بجے تک جوگیندر بھٹے بیچ کر اپنے کنبہ کا پیٹ بھر تا تھا۔ پیر کو بھی روز کی طرح جوگیندر بھٹے فروخت میں مصروف تھا، رات کےتقریبا 10 بجے تھے ، تبھی ٹھیکیدار سنجیو جیسوال نشے میں دھت ہو کر جوگیندر کی ریہڑی پر آ پہنچا اور پھر ایک بھٹے کے پیسے کو لے کر جوگیندر اور سنجیو کے درمیان کہا سنی ہو گئی، جو اتنی بڑھی کہ سنجیو نے اپنا لائسنسی ریوالور نکال لیا۔ اس دوران جوگیندر نے سنجیو کو گولی مارنے کا جیسے ہی چیلنج کیا ، سنجیو نے بھی ایک کے بعد ایک کئی گولیاں داغ دیں۔

اچانک سنجیو کی طرف سے ہوئی فائرنگ کے بعد وہاں موجود لوگوں میں افراتفری مچ گئی ۔ دو گولی لگنے سے جوگیندر سڑک پر گر گیا۔ جوگیندر کے گرتے ہی سنجیو کا نشہ کافور ہو گیا۔ اس نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ جوگیندر زندہ ہے یا مر گیا ، لیکن اسے کچھ سمجھ میں نہیں آیا ، جس کے بعد اچانک اس نے ایک بار پھر اپنا روالور نکالا اور اپنی کنپٹی سے لگا کر خود کو بھی گولی مار لی۔ سنجیو بھی لہولہان ہوکر جوگیندر کے پاس ہی گر پڑا ۔ آس پاس موجود لوگوں کی اطلاع پر پولیس جب تک موقع پر پہنچی ، سنجیو دم توڑ چکا تھا۔

موقع پر پہنچی پولیس نے سنجیو اور جوگیندر کو اسپتال پہنچایا ، جها سنجیو کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا جبکہ جوگیندر کو ہائر سینٹر ریفر کر دیا گیا۔ جوگیندر کو بازو اور پیٹ میں گولی لگی ہے ۔ تاہم اب اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

Loading...

Loading...