سدھارتھ نگر میں سیلاب سے 350سے زیادہ گاؤں زیر آب، راپتی ندی کی آبی سطح اب بھی خطرے کے نشان سے اوپر

سدھارتھ نگر۔اتر پردیش کے سدھارتھ نگر ضلع میں راپتی ندی کی آبی سطح اب بھی خطرے کے نشان سے اوپر ہے اور 350سے زیادہ گاؤں سیلاب کی زد میں ہیں۔

Aug 04, 2016 02:34 PM IST | Updated on: Aug 04, 2016 02:35 PM IST
سدھارتھ نگر میں سیلاب سے 350سے زیادہ گاؤں زیر آب، راپتی ندی کی آبی سطح اب بھی خطرے کے نشان سے اوپر

سدھارتھ نگر۔ نیپال کی بین الاقوامی سرحد سے متصل اتر پردیش کے سدھارتھ نگر ضلع میں راپتی ندی کی آبی سطح ابھی بھی خطرے کے نشان سے اوپر ہے اور 350سے زیادہ گاؤں سیلاب کے پانی سے گھرے ہوئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ راپتی ندی کی آبی سطح خطرے کے نشان سے 90سینٹی میٹر اوپر جاکر ٹھہر گئی ہے ،جبکہ بوڑھی راپتی ،بان گنگا،کوڑا اور گھوگھی ندیوں کی آبی سطح گھٹ رہی ہے اور خطرے کے نشان سے نیچے ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سیلاب سے ضلع کی پانچوں تحصیلوں کے 350سے زیادہ گاؤں سیلاب کے پانی سے چاروں طرف سے گھرے ہوئے ہیں۔ سیلاب سے متاثر علاقوں کے سبھی پرائمری اسکول اور جونئیر ہائی اسکول کل تک کےلئے بند کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے متاثر علاقوں میں پھنسے لوگوں کو اب تک 2315 کھانے کے پیکٹ ،230کوئنٹل آٹا،557کوئنٹل چاول ،61کوئنٹل دال،تین کوئنٹل نمک 51کوئنٹل آلو 8192لیٹر مٹی کے تیل کے علاوہ چار لاکھ روپے کی مالی اعانت کے طور پر تقسیم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دیگر ندیوں کی آبی سطح گھٹنے سے سیلاب کی صورت حال میں معمولی بہتری کے بعد قومی آفات سے نمٹنے والے ادارے کی ٹیم ضلع سے واپس لوٹ گئی ۔

Loading...

Loading...