جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں شدید جھڑپ، 4 جنگجو اور 2 فوجی اہلکار ہلاک

سری نگر۔ جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں اتوار کی علی الصبح ہونے والی ایک شدید جھڑپ میں 4 جنگجو اور 2 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

Feb 12, 2017 02:34 PM IST | Updated on: Feb 12, 2017 02:34 PM IST
جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں شدید جھڑپ، 4 جنگجو اور 2 فوجی اہلکار ہلاک

علامتی تصویر

سری نگر۔  جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں اتوار کی علی الصبح ہونے والی ایک شدید جھڑپ میں 4 جنگجو اور 2 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ فوج کے 3 دیگر اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ یہ اطلاع وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے یو این آئی کو دی۔ انہوں نے بتایا کہ آخری اطلاعات ملنے تک علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری تھا۔ راجیش کالیا نے جھڑپ کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا ’ضلع کولگام کے ناگہ بل فرسل میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج اور جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریش گروپ (ایس او جی) نے گذشتہ رات دیر گئے مذکورہ علاقہ میں تلاشی آپریشن شروع کیا‘۔ انہوں نے بتایا کہ جب سیکورٹی فورسز علاقہ کو محاصرے میں لینے کی غرض سے ایک مخصوص جگہ کی جانب پیش قدمی کررہے تھے تو وہاں موجود جنگجوؤں نے ان پر فائرنگ کی۔

وزارت دفاع کے ترجمان نے بتایا ’سیکورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر جھڑپ کا آغاز ہوا‘۔ انہوں نے بتایا ’کاروائی کو اندھیرے کے باعث گذشتہ رات روک دیا گیا ۔ تاہم آج صبح روشنی کی پہلی کرن کے ساتھ ہی جنگجوؤں کے خلاف آپریشن بحال کردیا گیا‘۔ راجیش کالیا نے بتایا کہ جب سیکورٹی فورسز نے آج صبح اس جگہ کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی کوشش کی جس میں جنگجو محصور تھے تو جنگجوؤں نے فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ جھڑپ میں تاحال چار جنگجوؤں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔

وزارت دفاع کے ترجمان نے بتایا ’جھڑپ میں ہم نے اپنے دو جوان کھو دیے ہیں جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے ہیں‘۔ انہوں نے بتایا ’آخری اطلاعات ملنے تک علاقہ میں تلاشی مہم جاری تھی‘۔ علاقہ میں مقامی لوگوں کو کوئی بھی آزادی حامی احتجاجی مظاہرہ کرنے سے روکنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔

Loading...

Loading...